اردن میں فلسطینی مقدس مقامات کے دفاع کیلئے ڈیڑھ ملین ڈالر کی رقم جمع

بدھ 16 نومبر 2016 14:32

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) اردن میں فلسطین کے مقدس مقامات کے دفاع کیلئے سرگرم سماجی کارکنان کی طرف سے شروع کی گئی فنڈ ریزنگ مہم کے دوران ڈیڑھ ملین ڈالر کی رقم جمع کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اردن میں مقامی سطح پر بیت المقدس میں موجود مقدس مقامات کی تعمیر ومرمت کیلئے ’ہمیں عزم کی شمع روشن کرنا ہے‘ کے عنوان سے ایک مہم شروع کی گئی تھی۔

اس مہم میں تاجروں، سیاسی رہنماء، طلباء اور عام شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مہم کے دوران 10 لاکھ 57 ہزار 387 اردنی دینار جمع کرکے القدس کیساتھ اپنی مذہبی اور روحانی وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔اردن میں اس مہم کی نگرانی اردنی انجینئرنگ یونین نے کی۔ یہ اس مہم کا چھٹا مرحلہ ہے جس میں نصرت مسجد اقصیٰ کیلئے’ہمیں القدس میں عزم کی شمع روشن رکھنا ہے‘ کے عنوان سے مہم چلائی گئی۔

(جاری ہے)

مہم کو آگے بڑھانے میں مقامی ذرائع ابلاغ بالخصوص حسنی ریڈیو کی خدمات بھی قابل قدر ہیں۔اس مہم کے تحت جمع کی جانیوالی رقم بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے مسمار کئے گئے فلسطینیوں کے مکانات کی دوبارہ تعمیر میں معاونت کیساتھ ساتھ القدس میں موجود مقدس مقامات کی تعمیرو مرمت بھی شامل ہے۔پروگرام کے نگران اور اردنی انجینئر یونین کے سربراہ ماجد الطباع نے کہاکہ ’عزم کی شمع روشن کریں‘ پروگرام کے تحت پچھلے سات سال کے دوران بیت المقدس کے 800 شہریوں کی زندگیاں تبدیل کی گئی ہیں۔

اس پروگرام کے تحت بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی طرف سے مسمار کیے گئے فلسطینیوں کے 158 مکانات کی تعمیر میں ان کی مدد کی گئی ہے۔ماجد طباع نے کہا کہ 2015ء کے دوران ’عزم کی شمع روشن رکھیں‘ پروگرام کے تحت اردنی شہریوں نے القدس کے باشندوں کی فلاح و بہبود کیلئے 1.875 ملین اردنی ریال کے عطیات جمع کرائے ہیں۔ جبکہ 2010ء کے بعد سے بیت المقدس کے 800 شہریوں کی اس پروگرام کے ذریعے مدد کی گئی۔

اس پروگرام سے 155 طلباء نے بھی استفادہ کیا۔ پچھلے پانچ پروگرامات کے دوران اردنی شہریوں کی طرف سے القدس کے باشندوں کیلئے 40 لاکھ اردنی دینار کے عطیات جمع کرائے ہیں۔انجینئر ماجد طباع نے اردنی خاتون رکن پارلیمان دیمہ طھبوب کی طرف سے ایک ماہ کی مکمل اور ہر ماہ کی ایک تہائی تنخواہ القدس کے باشندوں کیلئے وقف کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دیمہ طھبوب کے اقدام سے القدس کے باشندوں کیلئے جاری فلاحی پروگرام میں حصہ لینے والوں کو ایک نیا جذبہ اور حوصلہ ملے گا۔

متعلقہ عنوان :