شعبہ ریاضی یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام دوسری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس26نومبر کو ہو گی

بدھ 16 نومبر 2016 14:38

سرگودھا۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)شعبہ ریاضی یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام پیور اینڈ اپلائڈ میتھمیٹکس پر دوسری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس26نومبر کو شروع ہو گی ۔کانفرنس کی سرپرستِ اعلیٰ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر ناظرہ سلطانہ ہونگی۔ کانفرنس میں بین الاقوامی اور مقامی ماہرین ریاضی دان شرکت کریں گے۔

بین الاقوامی ماہر ین ریاضی جن میں بالخصوص تھائی لینڈ سے ڈاکٹر ووٹیفول سنتو نوارات، میکسیکوسے پروفیسر ڈاکٹر رابن اویلا روڈریگوز، پروفیسر ارتورو کوینتانار اور عوامی جمہوریہ چین سے ڈاکٹر ژین ہواما جبکہ ملکی سطح پر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد، پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشاد انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ،اسلام آباد، پروفیسر ڈاکٹر مجاہد عباس یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے فوکل پرسن ڈاکٹر مسعود احمد کے مطابق کانفرنس 26نومبر کو شروع ہو گی اور 27نومبر کو اختتام پذیر ہو گی۔ اس سلسلے میں کانفرنس میں شرکت کرنے والے سکالرز اپنی رجسٹریشن20نومبر تک کروا سکتے ہیں، نیز وہ آن لائن رجسٹریشن بھی کروا سکتے ہیں ۔کانفرنس کے آرگنائزنگ کمیٹی کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔