آنے والے برسوں میں امریکا ایشیاء سے اپنی توجہ نہیں ہٹائے گا،ایڈمرل ہیری ہیرس

بدھ 16 نومبر 2016 14:45

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) امریکا کے ایک اعلیٰ فوجی عہدیدار نے کہاہے کہ آنے والے برسوں میں امریکا ایشیاء سے اپنی توجہ نہیں ہٹائے گا۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق بحرالکاہل کیلئے امریکی کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل ہیری ہیرس نے بتایاکہ ان کیلئے یہ بات نامناسب ہوگی کہ وہ نئی امریکی انتظامیہ کی جانب سے ایشیاء سے توجہ ہٹانے کے حوالے سے کسی بڑی پالیسی تبدیلی بارے قیاس آرائی کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ امریکا ایشیاء اوربحرالکاہل کے خطے کے اتحادیوں کے ساتھ اولولعزمی کے ساتھ کھڑا ہے اوراس میں کسی کو کوئی شک وشبہ نہیں ہونا چاہئیے۔انہوں نے کہاکہ وہ اپنے اتحادیوں اورمخالفین دونوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ایشیاء اوربحرالکاہل کا خطہ بدستور امریکا کیلیئے اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

امریکا کے حالیہ صدارتی انتخابی مہم میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایشیاء کے حوالے کھل کراپنی رائے کا اظہارکیا تھا اورانتخاب میں کامیابی کے بعد امریکا کے ایشیائی اتحادیوں میں دوستی اور شراکت داری کے حوالے سے تشویش سامنے آئی ہے۔

مبصرین کے مطابق صدر اوباما کا جاری دورہ یورپ بھی نقصان کو کم کرنے کی ایک کوشش ہے اور وہ یورپی اتحادیوں کو یقین دلا رہے ہیں کہ امریکا اوریورپی اتحادیوں کے درمیان تعلقات میں کوئی جوہری تبدیلی نہیں آئیگی۔