مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سیاسی قیادت کو متحدہو نا ہوگا‘ہم کب تک جوان بیٹوں کی لاشیں اٹھا تے رہیں گے‘عالمی برادی بھارتی مظالم کا نوٹس لے

تحریک انصاف آزادکشمیر خواتین سوشل میڈیا کی مرکزی صدر محترمہ گلشن منہاس کا بیان

بدھ 16 نومبر 2016 15:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) تحریک انصاف آزادکشمیر خواتین سوشل میڈیا کی مرکزی صدر محترمہ گلشن منہاس نے کہا ہے کہ اس وقت تحریک آزاد ی ایک نئے موڑ پر ہے ۔ برہان وانی کی شہادت کے بعدتحریک کونوجوان نسل نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔ تحریک آزادی کی کامیابی اور منزل کے حصول کیلئے تمام اختلافات سے بالا تر ہو کر ایک آواز بلند کرنا ہوگی۔

ریاست کے عوام نے قابض بھارت سے آزادی لینے کی خاطر لاکھوں قربانیاں دی ہیں۔ ریاستی عوام آزاد ی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت مظالم اور تشددسے کشمیریوں کا راستہ نہیں روک سکتا۔ کشمیرکے تما م سیاسی قائدین کو ایک نقطہ پر اتفاق کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا ۔ عالمی برادری بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کا نوٹس لے ۔

(جاری ہے)

کنٹرول لائن کی آئے روز خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

بھمبر سیکٹر میں شہیدہونیوالے پاک فوج کے جوانوں کا پاک لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ وہ ضرور رنگ لائے گا۔ پوری قوم بہادر پاک فوج کی پشت پر ہے۔گزشتہ روز صحافیوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے محترمہ گلشن منہاس کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر آتے ہوئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ ہمارے سیاسی قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر قوم کی درست سمت رہنمائی کریں۔

خواتین کو بھی پہلے سے بڑھ چڑھ کر اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ بھارت بلا امتیاز رنگ و نسل کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ رہا ہے۔ ہم کب تک جوان بیٹوں کی لاشیں اٹھا تے رہیں گے۔ کب تک کشمیر کی بیٹیوں کی آبروریزی ہو تی رہے گی۔ کب تک بچے یتیم ہو تے رہیں گے۔ کب تک آخر کب تک ۔ عالمی برادری باالخصوص اقوام متحدہ کو بھارت کی مکاری کا نوٹس لیتے ہو ئے مظالم بند کراکے کشمیر میں استصواب رائے کی رائے ہموار کرنی چاہیے۔