اورنج لائن منصوبے کا 55فیصد تعمیراتی کا م مکمل،لکشمی چوک سے راوی تک نئی ڈرین کی تعمیر کیلئے ٹینڈر پرسوں کھولے جائینگے ‘خواجہ احمد حسان

بدھ 16 نومبر 2016 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا 55فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے ‘ ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا سب سے زیادہ 68 فیصدکام ہو چکا ہے ،پاکستان میں پہلی مرتبہ پری کاسٹ کئے جانے والی100سے زائد یوٹب گرڈرزکامیابی کے ساتھ لانچ کئے جا چکے ہیں جو پاکستان کے تعمیراتی شعبے کا اہم سنگ میل ہے ،حاجی کیمپ نکلسن روڈ سے براستہ لکشمی چوک ‘ چوبرجی اور شام نگر دریائے راوی تک 13کلومیٹر طویل برساتی ڈرین کی تعمیر کے لئے ٹینڈرز (جمعہ ) 18نومبر کوکھولے جائیں گے ،یہ منصوبہ دو ارب40کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا ۔

وہ گزشتہ روز لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ جین مندر چوک سے پی آئی ا ے پلانیٹریم چوبرجی تک 500میٹر طویل زیر زمین حصے کی کھدائی کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔پیکیج ون کے 11بالائے زمین سٹیشنوں کا تعمیراتی کا م تیزی سے جاری ہے ، ان سٹیشنوں کے پائلز‘ پائل کیپس اور پیئرز تعمیر کئے جا چکے ہیں ، الیکٹریکل و مکینکل ورکس کے لئے چار سٹیشن دسمبر جبکہ سات جنوری میں سی آر نورنکو کے حوالے کر دئیے جائیں گے ۔

خواجہ احمد حسان نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اورنج لائن میٹرو ٹرین کے تعمیراتی کام سے متاثرہ دکانوں اور کاروباری دفاتر کو اس عرصے کے لئے پراپرٹی ٹیکس میں رعائیت دینے کے خواہشمند ہیں ‘محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اس مقصد کے لئے میٹرو ٹرین کے روٹ پر واقع جائیدادوں کا سروے جلد از جلد مکمل کر کے اپنی رپورٹ اور سفارشات پیش کرے - انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے چوبرجی سے علی ٹائون تک منصوبے کے پیکیج ٹو کے کام میں ہونے والی تاخیر کے اثرات دور کرنے کے لئے اس پر خصوصی توجہ دیں اور اس مقصد کے لئے اضافی کوششیں اور اضافی افرادی قوت استعمال کریں-منصوبے پر عمل در آمد کے دوران شہریوں کی سہولت کو ہر چیز پر فوقیت دی جائے ۔

تمام محکمے یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی کے سلسلے میں نیسپاک کنسلٹنٹس سے قریبی رابط رکھیں اور سروسز کی منتقلی کے کام کے حجم اورا سکے لئے درکار ٹائم شیڈول سے واضح طور پر آگاہ کریں ۔ اجلاس میں چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔