گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور کوئین میری کالج کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

دونوں اداروں پر سولر پینلز کی تنصیب انہیں اداروں کی فنڈنگ سے کی جائے گی‘ محکمہ توانائی

بدھ 16 نومبر 2016 16:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور کوئین میری کالج کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،دونوں اداروں پر سولر پینلز کی تنصیب انہیں اداروں کی فنڈنگ سے کی جائے گی،محکمہ توانائی نے سولر پینلز کی تنصیب کے لئے دونوں اداروں سے فنڈز مانگ لیے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ توانائی نے کئی سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کردیا ہے جو کہ محکمہ توانائی کیلئے ایک کامیاب تجربہ رہا ہے، محکمہ توانائی اب تعلیمی اداروں کو بھی سولر انرجی پر منتقل کرے گا۔

ابتدائی طور پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور کوئین میری کالج کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ بجلی کی کھپت کو کم کیا جاسکے، دونوں تعلیمی اداروں کو بہترین سولر کمپنیز کی مدد سے سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔محکمہ توانائی کے مطابق دونوں اداروں پر سولر پینلز کی تنصیب انہیں اداروں کی فنڈنگ سے کی جائے گی۔ سولر پینلز کی تنصیب سے دونوں اداروں کو بلوں کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔