ہمارا فرض ہے لوگوں کو سہولیات مہیا کریں اور ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کریں، ڈپٹی کمشنر دیامر

بدھ 16 نومبر 2016 16:12

دیامر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک نے محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور 20 کروڑ کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر کا جائزہ لینے کیلئے ایگزیکٹو انجینئر مبشر حسین کے ہمراہ ہرپن داس کالونی اور باپ چلاس ترقیاتی سکیموں کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایگزیکٹو انجینئر مبشر حسین نے ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کے باپ چلاس سے ڈسٹرکٹ جیل تک روڈ کا کام شروع کردیا جائے گا چلاس ٹاؤن میں سڑکوں پرکام کا آغاز ہو چکا ہے اورآئندہ کچھ روز میں شہر کی سڑکیں مکمل کردی جائیں گی، بازار سے ہرپن داس کالونی تمام سڑکوں پر تعمیر کیلئے باقاعدگی سے کام جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر دیامر نے کہا ہمارا فرض ہے لوگوں کو سہولیات مہیا کریں اور ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کریں تاکہ قومی وسائل کا درست استعمال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ چلاس کو ماڈل شہر بنائیں گے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور معیار کوہر صورت برقرار رکھا جائے۔