ْفرانس پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے ،جین مارک فی نیٹ

فرانس کے سرمایہ کار پاکستان میں سرکایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کرنے پر توجہ دیں، خالد اقبال ملک

بدھ 16 نومبر 2016 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) فرانس کے ریجنل اکنامک ڈیپارٹمنٹ برائے جنوبی ایشیاء کے سربراہ جناب جین مارک فی نیٹ نے کہا کہ پاکستان کاروبار کیلئے ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور فرانس اس کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس تجارتی و اقتصادی تعلقات کیلئے چین پر زیادہ توجہ مرکوز کئے ہوئے تھا جس وجہ سے جنوبی ایشیاء نظر انداز ہوتا رہا لیکن اب فرانس تجارتی تعلقات کیلئے جنوبی ایشیائی خطے کی طرف زیادہ توجہ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کی ایک اہم اور پرکشش مارکیٹ ہے لہذا فرانس پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

فرانس سفارتخانے کے اکنامک ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ فیلپ فوئٹ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

جین مارک فی نیٹ نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی وجہ سے پاکستان کی مارکیٹ میں فرانس کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ اس منصوبے سے پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کا فروغ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا سب سے بہترین ذریعہ ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تجارت کے بہتر ہونے سے فرانس اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ مہارت موجود ہے اور پاکستان فرانس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر اپنی معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتا ہے۔ برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ یورپ میں داخلے کیلئے ایک گیٹ کا درجہ رکھتا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یورپ سے نکلنے کے فیصلے سے برطانیہ خود متاثر ہو سکتا ہے لیکن فرانس سمیت یورپی ممالک پرزیادہ فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ سال میں دو دفعہ پاکستان کا دورہ کیا کریں گے تا کہ دونوں ممالک کو تجارتی و اقتصادی شعبوں میںمزید قریب لانے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا وفد فرانس کا دورہ کرکے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان 2015میں باہمی تجارت تقریبا 1.1ارب یورو تھی جو دونوںکی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کیلئے توانائی، زراعت، فوڈ پراسسنگ، ایوی ایشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آٹوموبائل اور انجینئرنگ سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے لہذا دونوں اپنے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں جس سے دوطرفہ تجارت مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کھیلوں کا سامان، آلات جراحی، چمڑے اور ٹیکسٹائل کی مصنوعات سمیت متعدد اشیاء فرانس کی مارکیٹ میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں لہذا فرانس کا سفارتخانہ فرانس کے ساتھ برآمدات کو فروغ دینے کی کوششوں میں پاکستان کی تاجر برادری کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے توانائی، ٹرانسپورٹ، پبلک ورکس، سول انجینئرنگ، ماحولیات، فارماسوٹیکلز، کمزیومر گڈز اورسروسز کے شعبوں میں فرانس کی تقریبا 44کمپنیاں کام کر رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مارکیٹ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فرانس کی مزید کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کریں اور فرانس کے سرمایہ کار ہمارے ملک میں سرمایہ کاری و جوائنٹ وینچرز قائم کرنے پر توجہ دیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، فیڈریشن کے نائب صدر ظفر بختاوری، محمد زکریا اے ضیا، شیخ عامر وحید، راجہ عبدالمجید اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور فرانس و پاکستان کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست پائیدار روابط قائم کرنے پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :