درمیانہ یا بہار جیسا مو سم ٹماٹر کی نشو ونما اور پھل لگنے کے لئے نہایت موزوں ہے،زرعی ماہرین

بدھ 16 نومبر 2016 16:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء)زر عی ماہرین نے ٹماٹر کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ درمیانہ یا بہار جیسا مو سم ٹماٹر کی نشو ونما اور پھل لگنے کے لئے نہایت موزوں ہے۔ ٹماٹر کے پودے کو بڑھوتری اورپھل دینے کے لئے ایک خاص درجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ لہٰذا ٹماٹر کی زیادہ پیداوار کے حصو ل کیلئے ضروری ہے کہ اسے موزوںدرجہ حرارت میسر ہو۔

چونکہ پنجاب کے علاقوں میں دسمبر جنوری کے مہینوں میں شدید سردی اور کورا پڑتا ہے اس لئے ٹماٹر کی فصل بھی سردی اور کورے سے متاثر ہوتی ہے۔آن لائن کے مطابق زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی ابتداء جنوبی امریکہ کے ملک پیرو میں ہوئی اور اس کا انگریزی نام ٹومیٹوہے۔ دنیا میں ٹماٹر کی اوسط پیداوار10ٹن اور پاکستان میں 6ٹن فی ایکڑ ہے۔

(جاری ہے)

ٹماٹر پنجاب بھر میں کاشت ہوتا ہے لیکن ضلع مظفرگڑھ میںیہ سب سے زیادہ رقبہ پر کاشت ہوتا ہے جبکہ ضلع گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ فی ایکڑ اوسط پیداوار 6ٹن حاصل کی جا رہی ہے۔

ٹماٹر ہمارے ملک کی ایک اہم سبزی ہے جس کی ضرورت سارا سال رہتی ہے۔ ٹماٹرمیں لائیکوپین موجود ہوتی ہے جو کہ جسم سے فاسدمادوں کے اخراج میں مد د دیتی ہے۔ غذائیت کے لحاظ سے یہ بہت اہم سبزی ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ٹماٹر کی نرسری کی کاشت کے لئے نومبر کا پہلا عشرہ اور پنیری کی کھیت میں منتقلی کا وقت وسط دسمبر ہے۔کاشت کے علاقی: ٹماٹر کی فصل پہاڑی علاقوں اور میدانی علاقوں میں کامیابی سے کاشت کی جاتی ہے۔

اس کی کاشت کے نمایاں علاقوں میں کٹھہ سگرال ضلع خوشاب، وسطی پنجاب کے اضلاع شیخوپورہ ، گوجرانوالہ ، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد اور جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان ، مظفر گڑھ وغیرہ شامل ہیں۔اقسام: ٹماٹر کی منظور شدہ اقسام میں روما، نگینہ، پاکِٹ اور نقیب شامل ہیں۔ روما اور نگینہ دونوں لمبوتری اقسام ہیں لیکن ان کا پھل جلدی خراب ہو جاتا ہے اور دور دراز کی منڈیوں کے لئے یہ دونوں اقسام موزوں نہیں ہیںٹماٹر کے پودے کو اگائو کے لئے کم از کم ایک اور بڑھوتری کے لئے 18ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے۔

پھل بنتے وقت رات کا درجہ حرارت کم از کم 10 اور دن کا 18ڈگری سینٹی گریڈ ہونا ضروری ہے۔ سرخ رنگ آنے کے لئے کم از کم 10 اور کہر کے نقصان کی حد 1ڈگری سینٹی گریڈ نوٹ کیے گئے ہیں۔نرسری کا بہتر اگائو 20تا30 درجہ حرارت پر ہوتا ہے ۔ مجموعی طورپریہ فصل20تا 30 درجے سینٹی گریڈ کے درمیان بہتر نشو ونما کرتی ہے۔ نومبر میں پنیری کی کاشت مکمل کرنے کی صورت میںاس کا اگائو 10تا15دن کے اندرمکمل ہوجاتا ہے۔کیاریوں میں چھٹہ کرنے کی بجائے قطاروں میں کاشتہ نرسری کا اگائو بہتر ہوتاہے۔