میونسپل کمیٹی رحیم یار خان کے بلدیاتی الیکشن میں (ن)لیگ کی کامیابی عو ام اور منتخب جنرل کونسلرزکے اتحاد کا نتیجہ ہے،چوہدری جعفر اقبال

بدھ 16 نومبر 2016 16:48

رحیم یارخان۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) میونسپل کمیٹی کے مخصوص نشستوں کے انتخابی مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) کلین سویپ کرے گی اور تمام 11 مخصوص نشستوں پر ن لیگ کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔ میونسپل کمیٹی کے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی رحیم یارخان کے عو ام اور ان کے منتخب جنرل کونسلرزکے اتحاد اور یکجہتی کا نتیجہ ہے۔

ان خیالات کااظہارسابق سینیٹر چوہدری جعفراقبال میونسپل کمیٹی کی مخصوص نشستوں کے الیکشن کے حوالے سے کونسلرز کے ساتھ منعقدہ مشاورتی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت رحیم یارخان شہر کی تعمیروترقی اور خوبصورتی کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز خرچ کررہی ہے اور لاہور کے بعد رحیم یارخان خوبصورت پارکوں کے سب سے بڑے شہر میں تبدیل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

بلدیاتی اداروں کی تشکیل مکمل ہونے کے بعد شہر کی تعمیروترقی کیلئے مزید فنڈز لائے جائیں گے جنہیں منتخب بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے شہر کے اجتماعی عوامی مفاد میں خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کی دوتہائی سے زائد اکثریت اس بات کی مظہر ہے کہ رحیم یارخان شہر مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں اسی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ عوام کی حمایت وتائید سے تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔