چہلم بسلسلہ شہادت امام حسین ؓ کے انتظامات کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی چیچہ وطنی کا اجلاس

بدھ 16 نومبر 2016 16:50

چیچہ وطنی۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)چہلم بسلسلہ شہادت امام حسین ؓ کے انتظامات کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کااجلاس ڈی سی او چیچہ وطنی شوکت علی خان کھچی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا،اجلاس میںڈی پی اوعاطف اکرام ،اے ڈی سی جی رضوان نذیر ، علامہ سید ضیاء اللہ بخاری ،مولاناحسن معصومی ،احسان الحق فریدی کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران موجود تھے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او نے کہا کہ فلسفہ شہادت کی بنیاد امن ،سلامتی اور صبرو تحمل ہے جس کے ذریعے ہم معاشرے میں پائیدار امن قائم کر سکتے ہیں،انہو ںنے کہا کہ تاریخ کے صفات میں اس سے بڑی قربانی کی مثالیں نہیں ملتی کہ نواسہ رسول ﷺ نے اپنے ساتھیوں سمیت اپنی قربانی پیش کر کے دین اسلام کو دوام بخشا،اس لئے ضروری ہے کہ ہم فلسفہ شہادت کی روشنی میں اخوت ،بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دیں تاکہ ہم دنیا میں پرامن قوم کے طور پر پہچانے جائیں ، اجلاس میں چہلم شہادت امام حسین ؓ کی مجالس ،روٹس کی سکیورٹی اور صفائی سمیت روشنی کا معقول انتظام کرنے کی متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ۔