ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے اقدامات قابل ستائش ہیں ، شاہد علی شاہ

بدھ 16 نومبر 2016 16:56

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے چیئرمین سید شاہد علی شاہ جی نے ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے چیف ٹریفک آفیسر چوہدری یوسف علی شاہد کی کاوشوں کو سراہاہے اور کہاہے کہ سی ٹی او کے اقدامات سے شہر میں ٹریفک روانی میں بہتری آؔئی ہے ۔ سید شاہد علی نے کہاکہ سی ٹی او نے وارڈان افسران اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بہتری لانے کے لیے بھی قابل تعریف کوششیں کیں اور شہر بھر میں جہاں پر ٹریفک کے مسائل تھے ان مقامات کا معائنہ کیا اور غفلت کے مرتکب وارڈن افسران کی سرزنش بھی کی اور انہیں مختلف سزائیں دیں ۔

سی ٹی او نے وارڈن افسران کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلایا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر اور تاخیر سے آنے والوں پر فائن بھی کیا ۔

(جاری ہے)

سید شاہد علی نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کے نظام میں بہتری لانے کے لیے یوسف علی شاہد جیسے ایماندار ،فرض شناس اور قابل افسر کی ضرورت تھی ۔انہوںنے کہاکہ چوہدری یوسف علی شاہد کی قائدانہ اور ذمہ دارانہ صلاحیتوں کی بدولت وارڈن افسران کی صلاحیتوں میں نکھار آیا ہے اور انہیں مستعد انداز میں ڈیوٹی کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔

سید شاہد علی شاہ جی نے کہاکہ امید کی جاتی ہے کہ صادق آباد ،پنڈورہ ،سید پور روڈ ،بنی چوک ،کمرشل مارکیٹ و بچوں کی دنیا پارک جیسی جگہوں بھی ٹریفک روانی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایاجائے گا ۔ سیدشاہد علی شاہ جی نے کہاکہ شہر میں ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے تاجر برادری مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :