مسئلہ کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشائی ممالک کی امن و سلامتی کے لئے انتہائی ضروری ہے،سردار عتیق احمد

بدھ 16 نومبر 2016 17:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) آزاد جموں کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشائی ممالک کی امن و سلامتی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ دنیا کے تمام بڑے فورم کشمیریوں کے مضبوط موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ صرف ہندوستان کی ہٹ دھرمی مسئلے کے حل میں رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار سردار عتیق احمد نے گزشتہ روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور تازہ ترین حالات سے آگاہ کیا۔ سردار عتیق احمد نے مقبوضہ کشمیر میں طبی امداد اور تعلیمی اداروں کی بندش کو قابل مذمت اور چار مہینوں سے جاری کرفیو کو غیر انسانی فعل قرار دیا۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے مسئلہ کشمیر کی آگاہی کے لئے جامعات کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں نوجوان طلبہ کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں فروغ تعلیم کی کاوشوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مسائل کے حل کے لیے اس کی آگاہی اور نشاندہی ضروری ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکو زندہ رکھنے میں کشمیریوں کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ درسگاہوں اور نوجوانوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے نئی، مخلص اور بصیرت و دانش سے مزین قیادت پیدا کرتے ہیں جو مسائل کے حل اور ترقی کی جانب اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ریکٹر جامعہ نے کہ اکہ اسلامی یونیورسٹی میں کشمیر کے طلبہ کی بڑی تعداد زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہی جنہیں ترجیحی بنیادوں پر ہر ممکن سہولیات فرہم کی جاتیں ہیں۔ ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ دنیا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے موقف کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب دنیا بالخصوص سعودی عرب تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیریوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلمان ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ڈاکٹر الدریویش نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر پر نئی نسل کی آگاہی کے لئے دنیا کی ہر زبان میں کشمیری موقف کو اجاگر کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اور کشمیر میں جاری غیر انسانی مظالم کے خلاف مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے ہم قومی کانفرنس کا انعقاد کریں گے۔