پاک فوج دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، رہنماء پاکستان مسلم لیگ (ن)

بدھ 16 نومبر 2016 19:07

پاک فوج دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، رہنماء پاکستان ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر سیّد منور رضا، جنرل سیکریٹری خواجہ طارق نذیراور سیکریٹری اطلاعات ناصرالدین محمود نے بدھ کو جاری اپنے مشترکہ بیان میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کا اظہار کیا ہے جس کے نتیجہ میں پاکستانی فوج کے 7 جوان شہید ہوئے۔

رہنمائوں نے کہا کہ بھارتی فوج بار بار لائن آف کنٹرول پر جارحیت کی مرتکب ہو کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہے جس کا مقصد پوری دنیا کا کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دفاع وطن سے ہر گز غافل نہیں ہے، فوج نے ہر قربانی پیش کرکے ہمیشہ ملک کا دفاع کیا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے لیکن پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے لہٰذا وہ کسی ملک پر جارحیت پر یقین نہیں رکھتا بلکہ تمام ممالک کا احترام کرتا ہے۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ ہمارے اس طرز عمل کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ گذشتہ روز سپریم کورٹ میں پانامہ پیپرز سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے موقع پر تحریک انصاف پر تبصرہ کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلے روز سے پوری قوم کو یہ کہا کہ اُن کے پاس منی لانڈرنگ کے ثبوت ہیں لیکن آج اعلیٰ عدلیہ نے اُن کے اخباری تراشوں پر عدلیہ کا وقت ضائع کرنے کا تبصرہ کیا جو تحریک انصاف کے جھوٹا ہونے اوروزیر اعظم اور اُن کے بچوں کی سچائی کا ثبوت ہے۔

رہنمائوں نے کہا کہ تحریک انصاف جھوٹے الزامات پر سیاست کرنا بند کرے اور ملک میں جاری سیاست میں احترام کے کلچر کو فروغ دے۔ علاوہ ازیں مشترکہ بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر بدر کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر بدر نے ملک میں جمہوریت کی بحالی ،آئین اور قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کے بالادستی کے لئے گرانقدر قربانیاں پیش کیں جسے ہماری قومی سیاسی تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ رہنمائوں نے اُن کی سیاسی جدوجہد پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :