راولپنڈی ، برداشت کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی واک کا اہتمام

بدھ 16 نومبر 2016 19:10

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) گلوبل پیس فائونڈیشن اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج راولپنڈی کے زیر اہتمام برداشت کے عالمی دن کے حوالے سے ایک خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی حاجی محمد گلزار اعوان تھے ۔کالج کی پرنسپل مسز روبینہ قریشی ، وائس پرنسپل مسز ناہید، گلوبل پیس فائونڈیشن کے سی ای او ساجد کلیم کیانی ، لیکچرارز اور طالبات کی بہت بڑی تعداد نے برداشت کے حوالے سے بینرز اور کتبے اٹھا کر اس وصف حمیدہ کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کیا ․ واک سے قبل تقریب منعقد ہوئی جس سے مہمان خصوصی ، گلوبل پیس فائونڈیشن کے چئیرمین حاجی محمد گلزا ر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دین اسلام ہے ، اسلام کا مطلب سلامتی اور سلامتی کا مطلب امن ہے جو برداشت و رواداری کی پیداوار ہے ، ہمیں ہمارے نبی کریمﷺ نے اپنے عمل سے برداشت کا وہ سبق دیا جس کی پوری دنیا کی تاریخ اور رہتی دنیا تک کوئی نظیر نہیں مل سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے ہمارے پیارے رسول ﷺ پر سنگ باری کی ، ان پر کوڑا تک پھینکا گیا مگر انہوں نے یہ سب اذیتیں تحمل و برداشت سے سہہ کر اسلام کو پھیلایا ۔حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ آج ہمارے معاشرے میں تحمل اور برداشت کی کمی ہوتی جارہی ہے اور ہمیں سیرت طیبہ ﷺ کے ساتھ جڑنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ معاشرے کو اس برائی سے پاک کیا جا سکے ۔

اس سلسلے میں تمام علماء کرام ، مشائخ عظام اور بالخصوص اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنا چائییے ․ اس موقع پر کالج کی پرنسپل مسز روبینہ قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ برداشت بہت بڑی صفت ہے اور جس شخص میں یہ صفت نہ پائی جاتی ہو وہ سب سے کمزور ہوتا ہے ․ دنیائے عالم کا سب سے بڑا انقلاب ہمارے رسول کریم ﷺ نے برپا کیا اور انہوں نے انتہائی مختصر مدت میں عرب کے قبل اسلام جاہل معاشرے کو اسلام کی روشنی سے منور کر کے فلاحی اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی ․ یہ سب کچھ آپ ﷺ کے اعلی ترین تحمل و برداشت کی بدولت ممکن ہوا ․ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طالبات سے کہا کہ وہ اپنے اندر اس وصف کو پیدا کریں ۔