اچھی کارکردگی پر اساتذہ کو انعامات دئیے جائینگے،خراب کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی بازپرس ہوگی‘شہبازشریف

پنجاب ایجوکیشن سٹینڈر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منطوری،یہ اتھارٹی اساتذہ کی سرٹیفکیشن کی ذمہ دار ہوگی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سکولوں کو چلانے کیلئے علیحدہ اتھارٹی بنانیکا فیصلہ،1350اسسٹنٹ ایجوکیشنل آفیسر زکی بھرتی کی منظوری باصلاحیت اساتذہ ہی قوم کے نونہالوں کو بہتر انداز سے تعلیم دے سکتے ہیں،ٹیچرزٹریننگ پروگرام پربھر پور توجہ مرکوز کی جائے‘وزیراعلیٰ پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پرپیش رفت اطمینان بخش ہے،پنجاب حکومت نے روڈ میپ پر عملدرآمد کے حوالے سے شاندار اقدامات کیے ہیں‘سرمائیکل باربر

بدھ 16 نومبر 2016 19:20

اچھی کارکردگی پر اساتذہ کو انعامات دئیے جائینگے،خراب کارکردگی دکھانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔تین گھنٹے سے زائدجاری رہنے والے اجلاس میں چیف منسٹرزسکول ریفارمز روڈ میپ کے تحت کیے گئے اقدامات پر پیش رفت کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس کے شرکاء نے سکول ریفارمز روڈ میپ پر عملدر آمداور پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیااوراس ضمن میں پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔

اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن سٹینڈر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منطوری دی گئی ،یہ اتھارٹی اساتذہ کی سرٹیفکیشن کی ذمہ دار ہوگی۔ اجلاس کے دوران پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سکولوں کو چلانے کیلئے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیایہ اتھارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے جانے والے سکولوں کے امور دیکھے گی۔

(جاری ہے)

برطانوی ماہرتعلیم سرمائیکل باربر نے سکولز ریفارمز روڈ میپ پر عملددر آمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکول ریفارمز روڈ میپ پر عملدرآمدسے تعلیمی شعبہ کی بہتری پر مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں۔سکول ریفارمز روڈ میپ کے تحت اٹھائے گئے اقدامات سے معیاری تعلیم کے فروغ میں مدد مل رہی ہے ۔ تعلیم تیزرفتارترقی واحد زینہ ہے ۔تعلیم کی روشنی عام کر کے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے مسائل پر قابو پایاجاسکتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے 70ہزارسے زائد بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکا ل کر سکولوں میں داخل کرایا ہے ۔اتنی بڑی تعداد میں بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کرتعلیم کیلئے سکولوں میں لانا جنوبی ایشیاء میں پہلی مثال ہے ۔انہوںنے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ باصلاحیت اورقابل اساتذہ ہی قوم کے نونہالوں کو بہتر انداز سے زیور تعلیم سے آراستہ کرسکتے ہیں ۔

انہوںنے ہدایت کی کہ ٹیچرزٹریننگ پروگرام کے تحت اساتذہ کی تربیت پر بھر پور توجہ مرکوز کی جائے اور اساتذہ کی استعدادکار بڑھانے کیلئے جدید تربیت اورٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کی مانیٹرنگ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اورکہا کہ کمیٹی کی صدارت میں خود کروں گا اوریہ کمیٹی ٹیچرزٹریننگ پروگرام کے امور کی باقاعدگی سے جائزہ لے گی اور اساتذہ کی تربیت کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائیگا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اساتذہ کی تربیت کیلئے اداروںکواپ گریڈ کیا جائے اور جہاں نئے تربیتی ادارے بنانے کی ضرورت ہے فوری طورپر بنائے جائیں۔عالمی ماہرین کی مشاورت سے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے ۔ٹیچرز ٹریننگ پروگرام بڑا چیلنج ہے اور اس سے ہمیں بطریق احسن عہدہ برآ ہونا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر ڈیڑھ لاکھ سے زائدباصلاحیت اورقابل اساتذہ بھرتی کیے ہیں ۔

رواں سال مزید 80ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل شروع کردیا گیاہے ۔انہوںنے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی ہونیوالے باصلاحیت اورقابل اساتذہ کو نتائج بھی دینا ہیں ۔ سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام اور ٹیبلٹس کی فراہمی کے پروگرام کے بھی خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔پنجاب حکومت کے ان اقدامات سے قوم کے نونہال جدید علوم سے آراستہ ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں طلبہ کی داخلہ کی شرح بڑھانے کیلئے انقلابی ایکشن پلان پر عملدر آمد جاری ہے ۔سکول جانیوالے بچوں کو ٹرانسپورٹ کی بہترسہولیات فراہم کرکے زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں لایا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سکولوں میں بہتری لانے کے حوالے سے عوام کوآگاہ کرنے کیلئے ہاٹ لائن پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ابتدائی طورپر یہ منصوبہ بہاولپور اورلاہور میں شروع کیاگیا ہے۔ منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے پنجاب بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پنجاب ایجوکیشن سٹینڈر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام سے اساتذہ کی تدریسی صلاحیت اورقابلیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔اچھی کارکردگی پر اساتذہ کو انعامات بھی دئیے جائیں گے جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی بازپرس ہوگی۔

انہوںنے کہا کہ تعلیم کا فروغ ہماری پہلی ترجیح ہے اوراس مقصد کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔انہوںنے کہا کہ2018ء تک سکولوں میں36302 اضافی کلاس روم بنانے کا پلان بنایا گیاہے۔خادم پنجاب سکولز پروگرام کے تحت سکولوں میں اضافی کلاس روم بنائے جارہے ہیں ۔اجلاس میں 1350اسسٹنٹ ایجوکیشنل آفیسر زکی بھرتی کی منظوری دی گئی۔ سرمائیکل باربر نے اجلاس کے دوران بتایا کہ چیف منسٹرز سکول ریفارمز روڈ میپ پرپیش رفت اطمینان بخش ہے ۔

پنجاب حکومت نے سکول ریفارمز روڈ میپ پر عملدرآمد کے حوالے سے شاندار اقدامات کیے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ سکول ریفامز روڈ میپ پر عملدر آمد سے صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ایک برس کے دوران تعلیم کے اصلاحاتی پروگرام کو انتہائی تیزرفتاری سے آگے بڑھاگیاہے۔اجلاس میں صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود،چیف سیکرٹری ،پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین ،پارلیمانی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزاور روڈ میپ ٹیم کے علاوہ ماہرین تعلیم نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :