میپکو ریجن میں خراب اور جلے ہوئے میٹرز ترجیحی بنیادوں پر تبدیل کرنیکا حکم

بدھ 16 نومبر 2016 19:34

ملتان۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین نے میپکو ریجن میں خراب اور جلے ہوئے میٹرز ترجیحی بنیادوں پر تبدیل کرنیکا حکم دیاہے اور کہا ہے کہ میپکو کے پاس میٹروں کی کمی نہیں ہے ۔ شعبہ میٹریل مینجمنٹ خراب میٹرز تبدیل کرنے کے لئے فوری طورپر میٹر ز کا اجراء کرے ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ایس ایز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ایس ڈی اوز خراب میٹروں کی تصدیق کریں اور بغیر کسی التواء کے میٹر تبدیلی کا عمل مکمل کیاجائے تاکہ صارفین کو بجلی استعمال کے مطابق بلنگ کی جاسکے ۔انہوں نے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو حکم دیاہے کہ بجلی بلوں پر میٹر ریڈنگ کی تصاویر کی شرح کے 100فیصد اہداف حاصل کئے جائیں اور اہداف حاصل نہ کرنے والے ایس ڈی اوز اور میٹر ریڈنگ سٹاف کے خلاف ایکشن لیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث افسران واہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ان کے خلاف محکمانہ قوانین کے مطابق کاروائی کی جائے ۔ انہوں نے سپریٹنڈنگ انجینئرز کی جانب سے میٹر ریڈرز کی کمی کے معاملہ پر کہا کہ آئندہ ماہ میٹرریڈرز کی کمی پوری کردی جائے گی افسران درست اور واضح تصاویر پرنٹ کروائیں تاکہ صارفین کو مطمئن کیاجاسکے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو نے ڈی جی خان ڈویژن کے ایکسین فرقان زکریا کو بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کرنے اور 30لاکھ یونٹس بجلی چوری پکڑنے پر شاباش دی اور کہا کہ میپکو ریجن کے تمام ڈویژنل افسران بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیازکاروائی کریں اور نقصان پورا کیاجائے ۔

چیف انجینئر کسٹمرسروسز محمود احمد خان نے کہا کہ سپریٹنڈنگ انجینئرز لائن لاسز میں کمی کے لئے ٹھوس اقدامات کریں اور 27تا31بیچز (Batches) کے صارفین کی بلنگ اے ایم آر پر کروائی جائے ۔ انہوں نے بتایاکہ میپکو نے اکتوبر 2016؁ء کے دوران لائن لاسز کی شرح میں اعشاریہ4فیصد کمی کی ہے ۔ اکتوبر کے دوران تمام کیٹگریز کے صارفین سے 13ارب روپے سے زائد وصولیوں کے ساتھ ماہانہ ریکوری کی شرح 133.73فیصد اور 56ارب 77کروڑروپے سے زائد وصولیوں کے ساتھ پروگریسو ریکوری کی شرح 99.73فیصد رہی ہے ۔

کانفرنس میں چیف انجینئر پلاننگ سرفرازاحمد خان، چیف انجینئر او اینڈ ایم سرفرازاحمد ہراج، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شاہد حمید چوہان، چیف انجینئر آپریشن وکیل نادر ، ڈائریکٹر فنانس امتیازاحمد جگری، ایڈیشنل ڈی جی آئی ایس میاں ندیم احمد، ڈائریکٹر کمرشل میاں رحمت اللہ، 9آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز، ڈپٹی کمرشل منیجرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل نے شرکت کی ۔