گندھارا ہندکو اکیڈمی میں ایک روزہ صوبائی ثقافتی میلہ جنوری 2017میں ہوگا

بدھ 16 نومبر 2016 19:54

پشاور۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)گندھارا ہندکو بورڈ پاکستان اور گندھارا ہندکو اکیڈمی پشاورکے زیر اہتمام گندھارا ہندکو اکیڈمی میں ایک روزہ صوبائی ثقافتی میلہ جنوری 2017کے مہینے میں منعقد کیا جا رہا ہے ۔ اس حوالے سے ایک 5 رکنی کمیٹی گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین کی سربراہی میں تشکیل دیدی گئی ہے جس کے ارکان میں عصمت الله ، عنایت جلیل،سید احمد ،شریف شکیب اور مہربان الٰہی شامل ہیں ۔

یہ کمیٹی ثقافتی میلے کے انعقاد کے حوالے سے اپنے امورسرانجام دے گی۔

(جاری ہے)

اس میلے میں مختلف علاقائی زبانوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شرکت کرینگے ۔ مختلف موضوعات پر مقالے پڑھے جائیں گے ۔ ثقافتی میلے میں مختلف دستکاریوں اور ہاتھ سے بنے ہوئے ثقافتی نمونوں کے سٹالز بھی لگائے جائینگے ۔ اس موقع پر علاقائی کتابوں کے حوالے سے کتب میلے کا بھی اہتمام کیا جائیگا ۔ علاقائی ڈرامے، لو ک موسیقی ،مشاعرہ بھی میلے کا حصہ ہو گا۔ثقافتی میلہ نہ صرف صوبے میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو گا بلکہ مقامی فن اور ثقافت کے ذریعے عوام میں کھوئے ہوئے اعتماد کی دوبارہ بحالی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔