بلدیاتی نمائندوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے،مشتاق غنی

بدھ 16 نومبر 2016 19:54

پشاور۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک قلندر لودھی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ ضلع ایبٹ آباد کے 228 ملین روپے کے فنڈز بلدیاتی ضلعی آفیسر کی ناہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے خرچ نہیں ہو سکے تھے اور مذکورہ فنڈز کی دوبارہ ریلیز کے لئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی جانب سے محکمہ خزانہ کو چٹھی ارسال کر دی گئی ہے جو جلد بحال ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ضلعی آفیسر کو غفلت برتنے اور اپنے پیشہ ورانہ فرائض بر وقت انجام نہ دینے کی وجہ سے معطل کیا گیا ہے اور اس کے خلاف انکوائری بھی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر خوراک قلندر لودھی اور مشیر اطلاعات مشتاق احمد غنی نے ایبٹ آباد کے بلدیاتی فنڈز کے لیپس ہونے پر بدھ کے روز سیکرٹری محکمہ بلدیات سید جمال الدین شاہ سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور ضلع ایبٹ آباد میں بلدیاتی ترقیاتی اقدامات اور فنڈز کی ریلیز سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری بلدیات نے صوبائی وزراء کو بتایا کہ گزشتہ سال کی228ملین روپے کے فنڈ باقی اضلاع کی طرح ایبٹ آباد کو بھی مقررہ وقت کے اندر جاری کئے گئے تھے لیکن مقامی ضلعی بلدیاتی آفیسر ان کو خرچ کرنے میں ناکام رہے ہیں تاہم مذکورہ فنڈز کا کیس محکمہ خزانہ کو ارسال کر دیا گیا ہے جو کہ آئیندہ چند ایام میں دوبارہ ریلیز ہو جائیں گے اس کے علاوہ رواں برس 2016-17کی پہلی سہہ ماہی کے ضلع ایبٹ آباد کے لئے بلدیاتی فنڈز ریلیز کئے جا چکے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ بلدیاتی فنڈزجاری ہونے کے باوجود خرچ نہ ہونے پر مقامی بلدیاتی نمائندوں میں تشویش اور مایوسی پیدا ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، بلدیاتی نمائندوں کے مسائل حل کرنا ہمارا فرض ہی نہیں بلکہ ذمہ داری ہے، ہم سب مل جل کر ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد کو ترقی سے ہمکنار کریں گے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بلدیاتی فنڈز جلد ہی ریلیز ہو جائیں گے اور دیہی اور شہری سطح پر ترقیاتی کاموں کے جال بچھ جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :