ہیلتھ انشورنس کارڈز تقسیم کرنے کے عمل کو شفاف بنایا جائے۔شہرام ترکئی

بدھ 16 نومبر 2016 19:54

پشاور۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام ترکئی نے ’’صحت سہولت پروگرام‘‘ کو صوبائی حکومت کی طرف سے عوامی مفاد کا ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس پروگرام کے تحت ہیلتھ انشورنس کارڈز ہر قسم کی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر پہلے سے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق حقدار لوگوں کودئیے جائیں گے۔

اس سارے عمل میں شفافیت کو اس حد تک یقینی بنایا جائے گا کہ اس پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔وہ بدھ کے روز اپنے دفتر میں ’’صحت سہولت پروگرام‘‘ کے تحت حقدار لوگوںمیں ہیلتھ انشورنس کارڈ تقسیم کرنے کے طریقہ کار سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ مستحق خاندانوں میںکارڈز تقسیم کرنے کے سارے عمل کو ہر لحاظ سے صاف اور شفاف بنایا جائے اور مستحق خاندانوں کے نام پر بنائے گئے کارڈز ان کے گھروں تک پہنچانے کے لئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اس پروگرام کو صوبے کے غریب عوام کیلئے موجودہ صوبائی حکومت کا ایک عظیم تحفہ اور ایک مثالی منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ صوبائی حکومت اس پروگرام کوکامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔اجلاس میں ’’صحت سہولت پروگرام‘’ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔