ملک میں کرپشن ہر مسائل کی فرسودہ جڑ کا کردار ادا کر رہی ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

عوام پر بے تحاشا ٹیکسوں کا بوجھ لاد کر ان کا پیسہ لوٹا جا رہا ہے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 16 نومبر 2016 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن ہر مسائل کی فرسودہ جڑ کا کردار ادا کر رہی ہے اورحکمرانوں نے ملک و قوم کی آزادی قرضوں کی مد میں گروی رکھی ہوئی ہے اس وقت ملک عملی طور پر غلامی کی دلدل میں گھستا جارہا ہے۔ان خیالا ت کا اظہارانہوںنے مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے وفود سے گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام پر بے تحاشا ٹیکسوں کا بوجھ لاد کر ان کا پیسہ لوٹا جارہا ہے اور بیرون ملک منتقل کیا جا رہاہے ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمران عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے عوام کو لوٹ رہے ہیں ۔ملک بے شمار مسائل کا شکار ہو رہا ہے ملک میں نظام تعلیم کا ناقص معیار ، طبی سہولیات کا فقدان، لوڈشیڈنگ کا عذاب ، بے روزگاری سے نوجوان خود کشی کرنے پر مجبور اورجرائم کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملکی وسائل اور عوام کو دونوںہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے جس سے ملکی معیشت میں کمی اور بیرونی قرضوں کی تعداد زیادہ سے زیادہ ہوتی جار ہی ہے ،کرپشن جیسے ناسور نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے پاکستان میں روزانہ اربوں روپے کی کرپشن ہوتی ہے اگر ملک میں کرپشن کے دروازے بند کردیے جائیں تو پاکستان چند سالوں میں ہر محاذ پر ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو سکتا ہے۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کوکرپشن سے پاک، اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان بنانا چاہتی ہے ۔