پنجاب کی تین ہزار چھیانوے نہروں کے ڈیٹا کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے ،صوبائی وزیر آبپاشی

نہروں میں پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا اریگیشن ویب سائٹ پر آویزاں کر رہے ہیں:میاں یاورزمان

بدھ 16 نومبر 2016 20:12

پنجاب کی تین ہزار چھیانوے نہروں کے ڈیٹا کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء) صوبائی وزیر آبپاشی وچیئرمین پیڈامیاں یاور زمان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کی تین ہزار چھیانوے نہروں کو کمپیوٹرائزڈ کر کے ڈیٹا بیس قائم کر لی گئی ہے جبکہ تمام نہروں میں پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر محکمہ آبپاشی کی ویب سائیٹ پر آویزاں کیا جا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں محکمہ آبپاشی کے سینئر افسران کی موجودگی میں سول سوسائٹی کے نمائندہ وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاورزمان نے وفد کو بتایا کہ نہروں میں پانی کے بہاؤ کی کمپیوٹرائزیشن کا نظام ایشیاء میں ایڈوانس ترین ہے جس کی بدولت اریگیشن انجینئرز اور دیگر متعلقین کسی بھی وقت آبی گزرگاہوں میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ پانی چوری کی روک تھام کے لئے محکمہ آبپاشی کے ہیڈ کوارٹر میں ٹال فری نمبر 080011333 کا انتظام بھی کیا گیا ہے تا کہ کسان براہ راست اپنی شکایات سے حکومت کو آگاہ کر سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پانی چوری کی روک تھام کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو نہری پانی کی ٹیلوں تک ترسیل یقینی بنانے میں معاونت کر رہی ہیں۔ میاں یاور زمان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نہری انتظام وانصرام میں کسانوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے تا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کی بدولت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو عملی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی شمولیت سے عوام کا حکومت پر اعتماد بڑھا ہے۔ (ایم سلیمان)

متعلقہ عنوان :