ملک کو دولخت کرنے والوں کو جمہوریت کا راگ الاپنا زیب نہیں دیتا ،آصف زرداری نے ملک کو کنگال کر کے بیرون ممالک اثاثے اور جائیدادیں بنائیں،پرویز مشرف نے ملک کی چالیس سال تک خدمت کی،ان پر بے جا تنقید برداشت نہیں کرسکتے

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کا چیئرمین سینیٹ کے بیان پرردعمل کااظہار

بدھ 16 نومبر 2016 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ ملک کو دولخت کرنے والوں کو جمہوریت کا راگ الاپنا زیب نہیں دیتا۔آصف علی زرداری نے ملک کو کنگال کر کے بیرون ممالک اثاثے اور جائیدادیں بنائیں، خود کو نام نہاد جمہوریت کے چیمپئن باور کروانے والے سینیٹر رضا ربانی قوم کو بتائیںکہ فوج کی نرسری میں پنپنے والے ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں ان کا کیا خیال ہے، پرویز مشرف نے ملک کی چالیس سال تک خدمت کی،ان پر بے جا تنقید برداشت نہیں کرسکتے۔

بدھ کو اپنے ا یک بیا ن میں چیئرمین سینیٹ سینیٹررضا ربانی کی طرف سے آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل(ر) پرویز مشرف پر تنقید پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی طرف سے پرویز مشرف پر تنقید فیشن بنتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہئیے۔قوم اچھی طرح سے جانتی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو فوج کی نرسری میں پلے بڑھے تھے،ملک کو دوحصوں میں تقسیم کرنے میں ان کا بنیادی کردارتھا،آصف علی زرداری نے قوم کا پیسا لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں جبکہ پرویز مشرف نے چالیس سال سے زائد عرصہ ملک و قوم کی خدمت کی اور جنگوں میں سینہ تان کر دشمن کی گولیوں کا سامنا کیا۔

ان پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں ہے۔ان کے دوراقتدار میں قوم کے لئے لائی گئیں اصلاحات مثالی ہیںجن کا مقابلہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومتیں نہیں کرسکتیں۔ایسے لیڈر پر رضا ربانی جیسے لوگوں کو بے جا تنقید زیب نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر پر کیچڑ اچھالنا بند کیا جائے ورنہ ہم بھی سب کی اصلیت جانتے ہیں،ہم بھی کیچڑ اچھال سکتے ہیں۔