بابا گورونانک کے جنم دن کی تین روزہ تقریبات گوردواہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں شروع ہو گئیں

بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں یاتری سخت حفاظتی انتظامات میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں

بدھ 16 نومبر 2016 20:50

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء) بابا گورونانک کے جنم دن کی تین روزہ تقریبات گوردواہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں شروع ہو گئیں۔بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں یاتری سخت حفاظتی انتظامات میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 548ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں شروع ہو گئی ہیں۔

تقریبات میں شرکت کے لیے گذشتہ رات تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے 1976مرد اور خواتین یاتری ریلوے اسٹیشن پہنچے جہاں ڈی پی اواٹک زاہد نواز مروت۔اے ڈی سی اٹک اکرام الحق۔اے سی مجاہد عباس۔اے ایس پی عمران علی۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر محکمہ متروکہ وقف املاک عبداللہ۔ٹی ایم او ساجد علی خان سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے ان کا پر تپاک استقبال کیا جہاں سے انہیں خصوصی بسوں کے ذریعے سخت حفاظتی انتظامات میں پولیس اور دیگر قانون نافظ کرنے والے اداروں کی نگرانی میں گوردوارہ پنجہ صاحب پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

بھارتی یاتریوں کے علاوہ یو کے سے 40یاتری جبکہ افغانستان سمیت دنیا بھر سے یاتریوں کی بڑی تعداد ان تین روزہ تقریبات میں شرکت کر رہی ہے۔حسن ابدال قیام کے دوران یاتری قریب واقع پہاڑی پر بابا حسن المعروف بابا ولی قندہاری کی بیٹھک پر بھی حاضری کے لیے جاتے ہیں۔تقریبات کا احتتام آج رسم بھوگ کے ساتھ ہو گا جس کے بعد یاتری واپس روانہ ہو جائیں گے۔

تقریبات کے موقع پر گوردوارہ سری پنجہ صاحب جانے والے تمام راستوں کو ناکے لگا کر ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں نے پورے علاقے کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے تا کہ کسی بھی نا خوشگوار واقع سے بچا جا سکے۔تین روزہ تقریبات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایکسین واپڈہ امتیاز ندیم نے بھی دیگر افسران کے ہمراہ گوردوارہ کا دورہ کیا اور محکمہ کے اہلکاروں کو دفاتر میں موجود رہنے اور بجلی کے کسی بھی بحران کی صورت میں فوری طور پر ایکشن لینے کی ہدایات جاری کیں تا کہ یاتریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :