نیشنل بُک فائونڈیشن کے اہتمام کتاب ’’انتخاب ِکلام، سیّد اِنشاء اللہ خان اِنشا‘‘ کی اشاعت

بدھ 16 نومبر 2016 21:02

نیشنل بُک فائونڈیشن کے اہتمام کتاب ’’انتخاب ِکلام، سیّد اِنشاء اللہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) نیشنل بُک فائونڈیشن کے زیر اہتمام شائقینِ کتب کی پسند کے موضوعات سمیت مشاہیر ادب اور کلاسیکل شعرا کے کلام کے انتخاب پر مبنی کتب کی اشاعت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے کی شائع ہونے والی 172صفحات کی تازہ ترین کتاب ’’انتخاب ِکلام، سیّد اِنشاء اللہ خان اِنشا‘‘ ہے جس میں کلامِ انشا کا انتخاب و تعارف سینئر صحافی اور نامور شاعر و نقاد حنیف عابد نے بڑی عرق ریزی اور جامعیت کے ساتھ کیا ہے۔

مرتب نے انشاء کے مختصر مگر جامع سوانح عمری، حیاتِ انشاء کے اہم گوشوں، لطائف ودلچسپ واقعات اور ناقدین کی نگاہ میں مقامِ انشاء شامل کیا ہے جب کہ آخر میں ’’جوازِانتخاب‘‘ کے عنوان سے اس کتاب کی اہمیت و افادیت کو مزید نمایاں کیا ہے۔

(جاری ہے)

خوبصورت ٹائٹل ، چہار رنگ حصہ بندی، اور دلکش طباعت کی اس کتاب کی قیمت140روپے ہے جسے ریڈرز کلب کے ممبران55فی صد رعایت پر صرف63 روپے میں این بی ایف کی کسی بھی بُک شاپ سے حاصل کر سکتے ہیں ۔

سیّد انشاء کا شمار اردو زبان کے اُن اہم شعراء میں ہوتا ہے جو ’’دبستانِ دلی‘‘ کے رنگ آشنا بھی تھے اور جس ’’دبستانِ لکھنؤ ‘‘ کو تاریخ میں نمایاں مقام حاصل ہے، اس کے اوّلین بانیوں میں بھی انشاء اللہ خان انشا کا شمار ہوتا ہے۔ سیّد انشاء کا سب سے اہم کارنامہ اردو زبان کی صفائی اور ستھرائی ہے۔ حنیف عابد کا کیا گیا یہ انتخاب اردو ادب کے اساتذہ، طلبہ، ریسرچ اسکالرز اور عام قارئینِ ادب کے لیے کار آمد اور مفید ہے۔

مرتب حنیف عابد کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔’’حرفِ چند‘‘ کے عنوان کے تحت انہوں نے لکھا ہے کہ ایم ڈی نیشنل بُک فائونڈیشن ڈاکٹر انعام الحق جاوید جس خلوص اور دلجمعی کے ساتھ کتاب کلچر کو فروغ دینے میں کوشاں ہیں وہ اپنی نظیر آپ ہے۔ اُن کی شبانہ روز کاوشیں رنگ لا رہی ہیں اور وطنِ عزیز میں لوگ کتاب سے جُڑتے جا رہے ہیں۔