نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، مکیش کمار چائولہ

بدھ 16 نومبر 2016 21:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) صوبائی وزیر انسداد منشیات مکیش کمار چائولہ نے کہا ہے کہ یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھیں اور نوجوان نسل کو تباہی سے بچائیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈاکٹر منصور عباس رضوی اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شعیب احمد صدیقی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ صو بے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی تیز کر دی گئی ہے اور گزشتہ 15 دنوں میں کراچی، میرپور خاص، اسلام کوٹ، مٹھی اور حب چوکی پر کاروائیوں کے دوران سینکڑوں بوتلیں شراب، چرس اور دیگر منشیات پکڑی گئی ہیں جبکہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش جاری ہے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چائولہ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور منشیات کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اور ہیروئن، چرس، کوکین اور دیگر منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور چھاپوں کے سلسلے کو تیز کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :