شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کا شمار دنیا کے عظیم شاعروں میں ہوتا ہے، معروف ادیب و شعراء کرام کا تقریب سے خطاب

بدھ 16 نومبر 2016 21:40

شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کا شمار دنیا کے عظیم شاعروں میں ہوتا ہے، معروف ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) اردو کے معروف ادیبوں اور شعراء کرام نے کہا ہے کہ شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کا شمار دنیا کے عظیم صوفی شاعروں میں ہوتا ہے، صوفیائے کرام کی تعلیم دلوں کو نرم کرتی ہے، بادشاہوں کے بڑے بڑے مزارات ویران رہتے ہیں جبکہ صوفیاء کرام کے چھوٹے چھوٹے مزاروں پر بھی بڑی تعداد میں لوگوں کے ہجوم ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار کرامت بخاری، فراست رضوی، ڈاکٹر جاوید منظر، شائستہ زیدی، زیب اذکار و دیگر نے میر انیس فائونڈیشن کی جانب کراچی پریس کلب میں منعقد ’’شاہ جو رسالو کا پیغام، انسانیت پر اظہار خیال‘‘ کے عنوان کے تحت منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں صوفیائے کرام کی تعلیمات بہت ضروری ہے، صوفی کلچر کے رواج کو آگے بڑھانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تصوف فقط پڑھنے کی چیز نہیں بلکہ محسوس کرنے کی بھی چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کا رسالہ پڑھنے کے بعد تصوف اور وحدت الوجود کا مطلب سمجھ میں آجاتا ہے اور جو وحدت الوجود اور تصوف کے نظریے سے اختلاف رکھتے ہیں شاہ جو رسالو پڑھنے کے بعد وہ اپنے اختلاف کو بالائے طاق رکھ دیں گے۔ شاہ لطیف بھٹائی نے خواتین کے حقوق کی بات بھی کی ہے اور عورت کو طاقت کی علامت بنایا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید منظر کی کتاب ’’جہان لطیف‘‘ (منظوم تشریح) کی بھی رونمائی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :