وفاقی حکومت کے پروگرام پیس کلیکٹو کے تحت "حق حقدار تک پروگرام " کو عوام کی نچلی سطح تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے گا،ڈپٹی کمشنرحیدرآبادمعتصم عباسی کی وزارت انفارمیشن ، براڈکاسٹنگ، نیشنل ہیریٹج کے وفد کو یقین دہانی

بدھ 16 نومبر 2016 21:41

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے اسلام آباد سے آنے والے وزارت انفارمیشن ، براڈکاسٹنگ، نیشنل ہیریٹج کے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وزارت کی جانب سے پیس کلیکٹو کے تحت "حق حقدار تک پروگرام " کو عوام کی نچلی سطح تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پروگرام کے مقاصد حاصل کیے جاسکیں وہ اپنے دفتر میں آنے والے وزرات اطلاعات ، براڈ کاسٹنگ اینڈ نیشنل ہیریٹج کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے ڈپٹی کمشنر نے وفد سے باتیں کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ضلع کے مخیر حضرات اور سماجی افراد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو نچلی سطح تک عوام سے مشاورت کر کے عوام میں حقوق حاصل کرنے کی آگاہی دیں گی اس سلسلے میں یونیورسٹیز ، کالجز ، یونین کونسل سطح پر سیمینارز اور یونین کونسل سطح پر عوام سے اجلاس منعقد کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں پمفلیٹ بھی تقسیم کیے جائیں گے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حیدرآباد کی عوام باشعور ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور ضلع کی ترقی سے لوگوں کا معیار زندگی مزید بہتر بنایا جائے گا اور اس ضمن میں ضلع انتظامیہ اپنی بھرپور کوشش کر رہی ہے ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اس پروگرام کو حیدرآبا د میں کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔