مقامی ثقافت سے عوام کو روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، کمشنر

بدھ 16 نومبر 2016 22:03

ساہیوال۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ مقامی ثقافت کو فروغ دے کر معاشرے میں محبت اور بھائی چارے کی فضا کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ،انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز کالج میں طلباء کے درمیان ڈھولے اور ماہیے پڑھنے کے مقابلوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پرپرنسپل پروفیسر تصدق حسین ،ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد عقیل اشفاق ،کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی احمد علی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی بھی موجود تھے ،کمشنر کو بگھی میں بٹھا کر تقریب میں لایا گیا جبکہ اس موقع پر گھڑ ڈانس کا بھی شاندار مظاہر ہ کیا گیا جسے طلباء نے بیحد سراہا ، کمشنر نے کہا کہ مقامی ثقافت سے عوام کو روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور آرٹس کونسل اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گی ، انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ تشدد پسند قوتوں کی حوصلہ شکنی اور باہمی محبت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں تا کہ پاکستانی معاشرے کو پھر سے پر امن بنایا جا سکے ،اس موقع پر کالج کے طلباء کے درمیان ڈھولے ماہیے کا مقابلہ ہوا جس میں طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔