سی پیک کو کالا باغ ڈیم کی طرح متنازعہ نہ بنایا جائے، اتفاق رائے سے فیصلے کئے جائیں‘ لیاقت بلوچ

بدھ 16 نومبر 2016 22:04

سی پیک کو کالا باغ ڈیم کی طرح متنازعہ نہ بنایا جائے، اتفاق رائے سے فیصلے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سی پیک کو کالا باغ ڈیم کی طرح متنازعہ نہ بنایا جائے، اتفاق رائے سے فیصلے کئے جائیں، امریکہ سی پیک کے خلاف ہے، تجارتی ترجیحات کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں، پاکستان کی زراعت، تجارت، صنعت اور مقامی انرجی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے پن بجلی اہم ذریعہ ہے، سیاسی جماعتوں کے قائدین کا سرائیکی صوبے کا مطالبہ صرف نعروں تک محدود ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ملتان میں وکلاء کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا جس کی صدارت صدر بار عظیم الحق پیرزادہ نے کی۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری محمد عمران خان خاکوانی، امیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ ملتان امیر آصف محموداخوانی، ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، کلیم اکبر صدیقی، کنور محمد صدیق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ترجیحات چائنہ کو روکنے کی ہے، وہ اپنی نئی صف بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سے پاک نظام وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے جماعت اسلامی نے یکم مارچ سے تحریک شروع کر رکھی ہے تاکہ کرپشن سے نجات ہو۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیکر دھکے کھاتے پھر رہے ہیں اور ان کو روزگار میسر نہیں ہے۔