Live Updates

تحریک انصاف کی جانب سے کیس میں جمع کردہ 686صفحات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ، انہیں غیرضروری قرار دیا جائے

حسن نواز ،حسین نواز اور مریم نواز کی متفرق درخواست میں عدالت سے استدعا

بدھ 16 نومبر 2016 22:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) سپریم کورٹ میں زیر سماعت پانامہ لیکس سے متعلق مقدمہ میں وزیراعظم کے بچوں حسن نواز ،حسین نواز اور مریم نواز نے ایک متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے کیس میں جمع کردہ 686صفحات پر مشتمل دستاویزات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اس لیے انہیں غیرضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کیا جائے۔

(جاری ہے)

بدھ کوبیر سٹر اکرم شیخ کے ذریعے دائر درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کو فریق بناتے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پانامہ معاملے پر جمع کردہ دستاویزات محض کاغذ کے ٹکڑے اور جھوٹ کاپلندہ ہیں ،ان دستاویزات میں کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کئے گئے ، جبکہ عدالت خود بھی ان دستاویزات کو غیر ضروری قرار دے چکی ہے اس لیے استدعا ہے کہ ان دستاویزات کو مستردکیا جائے ،واضح رہے کہ عدالت نے منگل کو پانامہ کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکلاء سے کہا تھا کہ ان کی جمع کردہ دستاویزات اخباری تراشوں اور غیر ضروری مواد پر مشتمل ہیں ،جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا تھا کہ درخواست گزار نے خود ہی سچ کو دستاویزات میں دفن کردیا ہے ،اخباری تراشوں پر کیس کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اخبار ایک دن خبر ہوتا ہے جبکہ دوسرے روز اس میں پکوڑے فروخت کئے جاتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات