سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات و مسائل جلد حل ہو ں گے،میاں محمد منیر

بدھ 16 نومبر 2016 22:41

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) پنجاب حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو یہاں پر درپیش مشکلات اور ان کے مسائل کے حل کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے اور اس سلسلہ میں تمام سرکاری محکمے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں سمندر پار پاکستانی وطن عزیز کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں یہاں پر ان کے اہل خانہ اور ان کی جائیدادوں سے متعلقہ معاملات اور مسائل فوری حل کروانے کے لئے ضلع سے لے کر صوبائی سطح تک کمیٹیاں متحرک اور فعال ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی و چیئر مین ضلعی اوور سیز کمیٹی میاں محمد منیر اور ڈی سی او سقراط امان رانا نے اوور سیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں جنوری 2015سے لے کر اب تک 36شکایات موصو ل ہوئی ہیں جن میں سے 23درخواست دہندگان کے معاملات کو میرٹ پر نپٹایا گیا ہے جب کہ 8درخواست دہندگان کے معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور 5درخواستوں کی سماعت کی جا رہی ہے ممبر صوبائی اسمبلی و چیئر مین ضلعی اوور سیز کمیٹی میاں محمد منیر اور ڈی سی او سقراط امان رانا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کو میرٹ پر جلد سے جلد نمٹائیں انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی پیروی کے لئے ذاتی دلچسپی اور لگن سے کام کریں تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات اور مسائل جلد حل ہو ں ۔