آئیسکو ملازمین کی اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کر دئیے گئے

واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کاچیف ایگزیکٹو اور چیئرمین سے اظہار تشکر

بدھ 16 نومبر 2016 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) اسلام آبادالیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے مختلف کیڈرز کے سینکڑوں ملازمین کے اسکیل اپ گریڈ کر دئیے ہیں اس سلسلے میں گذشتہ روز باقاعدہ احکامات جاری کر دئیے گئے۔ جن کے مطابق جونیئر کلرک کو اسکیل سات سے نو، سینئر کلرک کو نو سے گیارہ،ایڈمن، اکائونٹ، آڈٹ اور کمرشل اسسٹنٹ کو اسکیل چودہ سے پندرہ، جونیئر اور کمرشل سپرنٹنڈنٹ پندرہ سے سولہ، لائن مین کو اسکیل پانچ سے سات، لائن مین ٹو کو سات سے نو، لائن مین ون کو نو سے گیارہ، اے ایس ایس اے کو اسکیل پانچ سے سات، ایس ایس اے کو سات سے نو، بل ڈسٹری بیوٹر کو اسکیل پانچ سے سات، میٹر ریڈر کو سات سے نو اور ہیلپر کو اسکیل پانچ سے سات میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔

کلیریکل سٹاف کی ترقیوں کا اطلاق یکم جولائی 2016سے جبکہ ٹیکنیکل سٹاف کا تین اکتوبر 2016سے ہو گا۔

(جاری ہے)

ملازمین کی یہ ترقیاں آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای) کے قائدین کے پیپکو اتھارٹی کے ساتھ طویل مذاکرات اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں عمل میں آئی ہیں جس سے سینکڑوں آئیسکو ملازمین مستفید ہوں گے۔ اپ گریڈیشن کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

دریں اثناء آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ اور ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل نے کارکنوں کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لینے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اسکیل اپ گریڈیشن کی فوری توثیق کرنے پر چیئرمین بی او ڈی آئیسکوندیم خان سے بھی اظہار تشکر کیا ہے۔