موجودہ حکومت ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے دن رات کام کررہی ہے‘ پانامہ لیکس کا کیس عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ہے‘ ہم عدالتی فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘ عدالت جوبھی فیصلہ کرے گی ہم اسے قبول کریں گے‘ عوام کو انصاف کی تیزی سے فراہمی کے لئے وکلا اورعدلیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا‘ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ

بدھ 16 نومبر 2016 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے دن رات کام کررہی ہے‘ پانامہ لیکس کا کیس عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ہے‘ ہم عدالتی فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘ عدالت جوبھی فیصلہ کرے گی ہم اسے قبول کریں گے‘ عوام کو انصاف کی تیزی سے فراہمی کے لئے وکلا اورعدلیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

وہ بدھ کو پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔گورنر پنجاب نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے دن رات کام کررہی ہے یہ قوم کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کی بہتری کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پاکستان کا چوتھا ستون ہے، اگرذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد سنسنی خیزی اور ریٹنگ بڑھانے کے معاملے سے ہٹ کرحقائق پر مبنی کام کریں تو ان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میںجمہوریت مضبوط ہورہی ہے، نئی نسل کو جمہوریت بارے میں آگہی اورشعوردلانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پنجاب حکومت تعلیم وصحت ،چائلڈ لیبر کے خاتمے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے‘ پٹواری ازم کا خاتمہ کرتے ہوئے صوبہ پنجاب کا تمام لینڈ ریونیو ریکارڈ کمپیوٹرائز ڈ کردیا گیاہے، اس کے ساتھ لوگوں کے لئے کم لاگت کی رہائشی سکیموں کے تحت گھر بنائے جارہے ہیں، تھانہ کلچر اور پولیس ریفامرز کے تحت ورارڈن اور لیڈی وارڈنز کی تعیناتیوں، ایف آئی آر کے آسان طریقہ سے کمپیوٹرائزڈ اندراج کو ممکن بنادیا گیا ہے‘ پولیس کلچر کو تبدیل کیا جارہا ہے اور مقاصد کے حصول کے لئے لاہور کے پولیس سٹیشنز میں فرنٹ ڈیسک بنادیئے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے دوسرے شہروں میںبھی اسی سلسلے میں کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹوں سمیت دیگر ورکشاپس پر کام کرنے والے کم عمر کے بچوں کو سکولوں میں مفت داخلے کویقینی بنانے کے ساتھ ان کو کتابیں اور یونیفارم مفت مہیا کیے جا رہے ہیں‘ حکومت موٹر ویز سمیت پورے ملک میں سڑکوں کے جال بچھارہی ہے، اس طرح پنجاب بھر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن شرو ع کردیاگیا ہے‘ لوگوں کو چاہیے کو وہ بھی معاشرے میں بہتر ی لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔