تربیت کے ذریعے پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکتاہے،مریم اورنگزیب

بدھ 16 نومبر 2016 23:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء) وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تربیت کے ذریعے پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکتاہے۔پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے جدید تکنیک استعمال کی جانی چاہیئے۔ انفارمیشن سروس اکیڈمی اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انفارمیشن سروس اکیڈمی کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس مقصد کیلئے سوشل میڈیا کاموثر استعمال بھی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ اکیڈمی کو بہترین مواصلاتی اور میڈیا ٹریننگ انسی ٹیوٹ بنانے کی ضرورت ہے جہاں حکام کی تربیت نجی شعبے کی میڈیا منیجمنٹ مہارت جدید اور عالمی تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تربیتی کورسز میں جدید ٹیکنالوجی کو مد نظر رکھا جائے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں نجی اور سرکاری شعبے کی شراکت داری کی جاسکتی ہے۔قومی ،عوامی اہمیت کے مسائل پر توجہ کیلئے میڈیا سیمینارز بھی منعقد کئے جا سکتے ہیں جن کے ذریعے متعلقہ فریقوں میں رابطوں کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔وزیرمملکت نے متعلقہ حکام کو سالانہ تربیتی پلان شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تربیتی پلان کارکردگی اور سہ ماہی کی بنیاد پر ہونا چاہیئے۔

متعلقہ عنوان :