ٹرانسفارمر خریداری کیس میں سابق ایم ڈی پیپکو رسول خان مسعود کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی توثیق

بدھ 16 نومبر 2016 23:08

لاہور۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)لاہور ہائیکورٹ نے ٹرانسفارمر خریداری کیس میں سابق ایم ڈی پیپکو رسول خان مسعود کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی توثیق کردی۔

(جاری ہے)

لاہورہائی کورٹ کے جسٹس مرزاوقاص رئوف کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے سابق ایک ڈی پیپکو رسول خان مسعود کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزارکے وکیل نے عدالت میں موقف اختیارکیاکہ درخواست گزار کا ٹرانسفارمرز کی خریداری میں کرپشن سے کوئی تعلق نہیں ہے، ڈسکوزکو سستے ٹرانسفارمرز خرید کر دئیے گئے، چارکمپنیوں نے کم ریٹ پر ٹرانسفارمرز خریدنے کی رپورٹ دی۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سابق ایم ڈی نے زیادہ قیمت پر ٹرانسفارمرز خرید کر قومی خزانے کو چارارب روپے سے زائد رقم کا نقصان پہنچایا، نیب کی جانب سے عدالت سے استدعاکی گئی کہ درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کی جائے، دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ٹرانسفارمر خریداری کیس میں سابق ایم ڈی پیپکو رسول خان مسعود کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی توثیق کردی۔