کراچی، NA-258 کے ضمنی انتخابات، ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار میر ممتاز علی عمرانی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ

بدھ 16 نومبر 2016 23:15

کراچی، NA-258 کے ضمنی انتخابات، ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار میر ممتاز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے نامزد حق پرست امیدوار برائے ضمنی انتخابات برائے حلقہ قومی اسمبلی NA-258 میر ممتاز علی عمرانی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز چشمہ گوٹھ میں ایک پرہجوم کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں چشمہ گوٹھ، الیاس گوٹھ، علی بروہی گوٹھ، لالہ آباد، علی اکبر شاہ گوٹھ، جمعہ بلوچ گوٹھ، دبلہ پاڑہ، جت پاڑہ اور ریڑھی گوٹھ کے معززین اور عوام نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کارنر میٹنگ کے شرکاء سے حق پرست رکن سندھ اسمبلی سید وقار حسین شاہ، حق پرست امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA-258 میر ممتاز علی عمرانی اور جوائنٹ انچارج کراچی مضافاتی کمیٹی اسلم بلوچ نے خطاب کیا۔ اس موقع پر انچارج و اراکین کے ایم او سی اور ابراہیم حیدری سیکٹر کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رکن سندھ اسمبلی سید وقار حسین شاہ ، ممتاز علی عمرانی اور اسلم بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم متوسط طبقہ کی واحد نمائندہ جماعت ہے جس نے سندھ اور باالخصوص شہری علاقوں کے مسائل کو اجاگر کیا اور ان کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کی۔

ایم کیو ایم کے نمائندوں کو جب بھی اختیارات ملے انہوں نے شہر کے مسائل حل کئے اور شہر کراچی کے عوام کی بھر پور خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 8 برس سے مسلط جماعت نے سندھ اور خصوصاً کراچی کو مسائل کی آماہ جگاہ بنا دیا ہے، ان کا مقصد آپ کے ووٹوں سے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنا اور اپنے مان مرتبے میں اضافہ کرنا ہے، انہیں آپ کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

انہوں نے کارنر میٹنگ کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو ایک اور موقع دیا ہے کہ آپ اپنے اندر سے قیادت نکالیں جسے آپ کے مسائل کا علم ہو اور جو آپ کے دسترس میں ہو۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے شخص کو امیدوار نامزد کیا ہے جو منتخب ہونے کے بعد عوام کے مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ آپ موسمی لیڈروں کو آزمانے کے بجائے حق پرست قیادت کو آزمائیں، ایم کیو ایم کے حق پرست امیدوار ممتاز عمرانی کا تعلق آپ لوگوں سے ہے اور آپ کے مسائل حل کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں اور ہمہ وقت آپ کے درمیان موجود ہونگے۔ انہوں نے کارنر میٹنگ کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 24 نومبر بروز جمعرات اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پولنگ اسٹیشنوں پر جاکر پتنگ پر مہر لگاکر حق پرست امیدوار کو کامیاب بنائیں۔ #