میئر کراچی وسیم اختر رہائی کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ئوں کے ساتھ بدھ کو عزیز آباد میںشہدا قبرستان اور یاد گار شہدا نہ جاسکے

مکا چوک کے قریب ایم کیو ایم لندن اور پاکستان کے حامی کارکن آمنے سامنے آگئے اور زوردار نعرے لگائے

بدھ 16 نومبر 2016 23:18

میئر کراچی وسیم اختر رہائی کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ئوں کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر رہائی کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ئوں کے ساتھ بدھ کو عزیز آباد میںشہدا قبرستان اور یاد گار شہدا نہ جاسکے۔ مکا چوک کے قریب ایم کیو ایم لندن اور پاکستان کے حامی کارکن آمنے سامنے آگئے اور زوردار نعرے لگائے۔ جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی کے شرکا کو دونوں مقامات پر جانے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور لندن کے کارکنان اس وقت آمنے سامنے آ گئے ،جب ایم کیو ایم لندن کے حامی کارکنوں نے عزیز آباد میں واقع جناح گراونڈ میں یادگار شہدا پر جانے کی کوشش کی۔ فریقین نے اپنی اپنی قیادت کے حق میں اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں نے ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کو یادگار شہدا جانے سے روکنا چاہا تو صورتحال کشیدہ ہو گئی ،جس پر پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج شروع کر دیا اور کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا۔

ان میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں تھے۔جناح گراونڈ کے اردگرد کے علاقے میں پولیس اور متحدہ لندن کے کارکنان کے درمیان کافی دیر تک آنکھ مچولی ہوتی رہی - پولیس نے متحدہ لندن کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ کشیدہ صورت حال اور حالات کو مزید خرابی سے بچانے کے لئے ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی کے شرکا واپس پی آئی بی کالونی چلے گئے۔مکا چوک پر ایم کیو ایم کے حامی بانی الطاف حسین کے حق میں نعرے لگاتے رہے، وہ اب سحر جو آ ئے گی وہ ہماری کا نعرہ بھی لگارہے تھے۔