Live Updates

تحریک انصاف نے پانامہ پیپرز کے معاملے پر بہت شور مچایا مگر اب سپریم کورٹ کے سامنے شواہد پیش کرنے میں ناکام ہوگئے‘ تحریک انصاف کو وہی بات کرنی چاہیے جسے وہ ثابت کر سکے اور ایسی بات سے پرہیز کرنا چاہیے جس پر بعد میں اس کی جگ ہنسائی ہو‘ تحریک انصاف پانامہ پیپرز پر ثبوت کے بغیر محض سیاست کر رہی ہے‘ یہ پہلا موقع نہیں کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر رہی ہے‘ گزشتہ تین سالوں میں کئی اہم مواقع پر پارلیمنٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنا تحریک انصاف کی تاریخ رہی ہے

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 16 نومبر 2016 23:23

تحریک انصاف نے پانامہ پیپرز کے معاملے پر بہت شور مچایا مگر اب سپریم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پانامہ پیپرز کے معاملے پر بہت شور مچایا مگر اب وہ سپریم کورٹ کے سامنے شواہد پیش کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں‘ تحریک انصاف کو وہی بات کرنی چاہیے جسے وہ ثابت کر سکے اور ایسی بات سے پرہیز کرنا چاہیے جس پر بعد میں اس کی جگ ہنسائی ہو‘ تحریک انصاف پانامہ پیپرز پر ثبوت کے بغیر محض سیاست کر رہی ہے‘ یہ پہلا موقع نہیں کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر رہی ہے‘ گزشتہ تین سالوں میں کئی اہم مواقع پر پارلیمنٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنا تحریک انصاف کی تاریخ رہی ہے۔

بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کے بچوں نے سپریم کورٹ میں اپنے جوابات داخل کرا دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

شریف خاندان کے بیانات میں کوئی تضاد نہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اس سے قبل وزیراعظم محمد نواز شریف نے تجویز پیش کی تھی کہ پانامہ پیپرز کے معاملے پر ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو دستاویزات اور شواہد کی روشنی میں معاملے کی تحقیقات کریں مگر پی ٹی آئی نے اس سے انکار کردیا تھا کیونکہ انہیں علم تھا کہ کیس میں کوئی جان نہیں اور وہ سیاست کرنے کا موقع کھو بیٹھے ہیں۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن قطر کے شہزادے کے خط کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ خط سپریم کورٹ کی کارروائی کا حصہ بن چکا ہے۔ اگر کسی کو اس خط کے بارے میں کوئی شک ہے تو وہ معزز عدالت کے سامنے اس کی قانونی حیثیت کو چیلنج کر سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ کسی بھی کلائنٹ کا قانونی حق ہے کہ وہ عدالت کے سامنے موزوں وقت پر دستاویزات جمع کرائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو وہی بات کرنی چاہیے جسے وہ ثابت کر سکے اور ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جس پر اس کی جگ ہنسائی ہو۔ وزیر مملکت نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کے بچوں کے بیانات میں کوئی تضاد نہیں ہے۔ اگر کسی کو کوئی اعتراض ہے تو اسے عدالت کا رخ کرنا چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے وضاحت کی کہ شریف فیملی نے ایک قطری فیملی کے ساتھ سرمایہ کاری کی تھی اور بعد ازاں اسی سرمایہ کاری سے لندن میں فلیٹس خریدے گئے۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر رہی ہے۔ گزشتہ تین سالوں میں کئی اہم مواقع پر پارلیمنٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنا تحریک انصاف کی تاریخ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ترکی اور چین کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔ جنہوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک انصاف نے چینی صدر کے دورہ پاکستان پر اس وقت بھی رکاوٹیں ڈالی تھیں جب وہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور (سی پیک) پر کام شروع کرنے کے لئے پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات