بھارت کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، سینیٹر جاوید عباسی

جمعرات 17 نومبر 2016 11:16

بھارت کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، سینیٹر جاوید عباسی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر جاوید عباسی نے کہا ہے کہ بھارت شدت پسندی اور انتہا پسندی کے باعث تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور افواج پاکستان بھارت پر کھلے الفاظ میں واضح کر چکے ہیں کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ بھارت خطے میں انتہا پسندی اور شدت پسندی پھیلا رہا ہے جس سے وہ خود تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے۔جاوید عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بھارتی قیادت کو دو ٹوک الفاط میں کہا ہے کہ وہ کسی خام خیالی میں نہ رہے، کسی بھی جارحیت کا اسے ایسا جواب دیا جائے گا جسے وہ قیامت تک یاد رکھے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کا مسئلہ کشمیر پر واضح موقف ہے کہ اسے قوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری موجودہ تحریک آزادی اب رکنے والی نہیں ہے اور اس میں شریک نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اب وہ اس مسلے کو حل کروا کر ہی دم لیں گے۔سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا اور اگر وہ اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا تو یہ بھارت اور خطے کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :