آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرنا ہدف، تیسرے اور آخری میچ میں بھی اپنی کارکردگی کی بدولت ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے بے تاب ہوں، کائل ایبٹ

پروٹیز کو کینگروز کے خلاف سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل، تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 نومبر سے شروع ہوگا

جمعرات 17 نومبر 2016 11:16

ایڈیلیڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر کائل ایبٹ نے کہا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرنا ہدف ہے، مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو آئندہ میچوں میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا، اپنی کارکردگی کی بدولت ٹیم کو مزید فتوحات دلانے کیلئے بے تاب ہوں۔

ایبٹ نے کینگروز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، انہوں نے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اس عمدہ کارکردگی پر انکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کینگروز کے خلاف سیریز میں فیصلہ کن برتری کے باوجود آئندہ میچ میں آسان نہیں لیں گے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی عمدہ کھیل کی بدولت ٹیم کو کامیابی دلانا اور میزبان ٹیم کو سیریز میں کلین سوئپ کرنا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ پرفارم کرنا ہوگا۔ حریف ٹیم کو سیریز میں کلین سویپ کرنے کیلئے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔

واضح رہے کہ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پروٹیز نے کینگروز کو 177 رنز سے مات دی جبکہ ہوبارٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پروٹیز نے کینگروز کو اننگز اور 80 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 نومبر تک ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔