چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کا مین رائونڈ کل شروع ہوگا

جمعرات 17 نومبر 2016 11:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کا مین رائونڈ کل جمعرات سے مصحف سکواش کمپلیکس میں شروع ہوگا۔ ہانگ کانگ کے لیوآن انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ چیمپئن شپ میں 44 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جس میں پاکستان سمیت ہانگ کانگ، سکاٹ لینڈ، مصر، ہالینڈ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریا اور اردن کے 11 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

سیمی فائنل مقابلے 20 نومبر کو اور فائنل 21 نومبر کھیلا جائے گا۔ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) نے رواں سال پاکستان کو 25,25 ہزار ڈالر کے چار بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دی ہے جس میں چیف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ اور چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا ہے اور اس میں نامور غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا اسی طرح تیسرے ایونٹ چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ شروع ہے جبکہ چوتھا اور آخری ایونٹ 31 دسمبر سی6 جنوری2017ء تک کھیلا جائے گا اس سے قبل گذشتہ برس پی ایس اے نے پاکستان کو 25,25 ہزار ڈالر کے دو ایونٹس کی میزبانی دی تھی جبکہ ان ایونٹس کی کامیابی سے انعقاد کے بعد پی ایس اے نے رواں سال پاکستان کو چار بین الاقوامی سکواش ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔

(جاری ہے)

فیڈریشن 50 ہزار ڈالر ایونٹ کی میزبانی کیلئے کوشش کر رہا ہے۔ امید ہے کہ 50 ہزار ڈالر پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی آئندہ سال پاکستان کو مل جائے گی۔