امریکہ کی ایشیا بحرالکاہل پالیسی جاری رہے گی، ایڈمرل ہیرس

جمعرات 17 نومبر 2016 12:12

امریکہ کی ایشیا بحرالکاہل پالیسی جاری رہے گی، ایڈمرل ہیرس
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) امریکہ کے بحرالکاہل علاقے کے کمانڈر ایڈمرل ہیری ہیرس نے اپنے اتحادیوں کو ایک بار پھر یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکہ کی خوش حالی اور سیکیورٹی کے لیے ایشیا بحرالکاہل کا علاقہ بڑی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر براک اوباما جنوری کے وسط میں اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے تک اس علاقے میں اپنی دلچسپی برقرار رکھیں گے۔

واشنگٹن میں دفاع سے متعلق ایک سالانہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ایڈمرل ہیرس نے کہا کہ آنے والی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کی ترجیحات کے متعلق میں کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتا، لیکن اس میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے کہ ہم بحر ہند، ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں اپنے اتحادیوں سے اپنے وعدوں پر عمل جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہیں شمالی کوریا اور چین کی جانب سے سیکیورٹی کے خطرات پر تشویش تھی لیکن جاپان، جنوبی کوریا، آسٹریلیا اور فلپائن کے ساتھ فروغ پاتے ہوئے اتحاد باعث تقویت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے جنوبی بحیرہ چین میں جزیروں کی تعمیر پر ہمیں پریشانی ہے۔ امریکی ایڈمرل نے مشرقی بحیرہ چین میں ایک علیحدہ فضائی دفاعی شناخت کا علاقہ قائم کرنے پر بھی بات کی۔انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ کے فوجی تعلقات درحقیقت خوشگوار ہیں اور دونوں ملکوں نے اس ہفتے چین میں سانحات سے مقابلے کے حوالے سے مشترکہ فوجی مشقیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج چین کے ساتھ تعاون کرنے کی کوشش کرے گی لیکن بوقت ضرورت ہم جنگ کے لیے بھی تیار رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :