کشمیر نہ تو بھارت کا حصہ تھا نہ ہو گا‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ

بھارت جو کچھ کشمیر میں کر رہاہے اس کے خلاف نوجوان نسل سڑکوں پر آزادی کیلئے احتجاج کرر ہی ہے

جمعرات 17 نومبر 2016 12:32

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیںبھارت نواز نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاہے کہ کشمیر نہ تو کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ تھا اور نہ کبھی ہو گا ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت جو کچھ کشمیر میں کر رہاہے اس کے خلاف نوجوان نسل سڑکوں پر آزادی کیلئے احتجاج کرر ہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارت اور پاکستان دونوں کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات شروع کرنے چاہیں جو کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکرکوکشمیر بارے حالیہ بیان پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اگر وہ یہ سوچتے ہیں کہ نوٹوں کی منسوخی اور بورڈ امتحانات منعقد کرانے سے کشمیر میں نامسائد حالات کاخاتمہ ہوا ہے تو یہ انکی غلط فہمی ہے اور یہ طوفان پھر سے اٹھے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آج کے نوجوان مکمل آزادی چاہتے ہیں اور نریندر مودی کو انہیں جواب دینا ہوگا۔ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کو مقبوضہ کشمیرمیں گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ بند کرنے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ کتنے کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالاجائیگا، کتنوں کو بصارت سے محروم اور کتنے گھروں کو تباہ کیا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ اگر بھارت اپنی پوری فوج کشمیر بھیج دے تب بھی وہ کشمیریوں کو محکوم نہیں رکھ کر انکے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا ۔

متعلقہ عنوان :