نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کی مسلسل چوتھی کامیابی، پاکستان کو چوتھے ون ڈے کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

جمعرات 17 نومبر 2016 12:39

نیلسن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) کپتان سوزی باٹیز کی آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو مسلسل چوتھے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، کیویز قائد سوزی باٹیز نے 60 رنز کے علاوہ ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سوفی ڈیوین 54 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں کھلاڑی رہیں، پاکستان کی ٹیم سیریز میں اب تک کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی، کیویز بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث پاکستان ٹیم کی 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔

پاکستان کی طرف سے ملنے والا 159 رنز کا ہدف میزبان ٹیم نے 22.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جمعرات کو نیلسن میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو میزبان ٹیم کی قائد سوزی باٹیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کی ٹیم نے 48.1 اوورز میں 158 رنز بناکر کیویز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 159 رنز کا ہدف دیا، عائشہ ظفر 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، ہولی ہدلسٹن نے چار، ٹاہوہو اور ایمی ساٹرتھویٹ نے دو،دو جبکہ باٹیز اور کر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، کیویز ٹیم نے مطلوبہ ہدف 22.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو مسلسل چوتھے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

متعلقہ عنوان :