آسٹریلیا کی مہربانی سے پاکستان کی دوسری پوزیشن” ڈینجر زون“ سے باہر

جمعرات 17 نومبر 2016 13:09

آسٹریلیا کی مہربانی سے پاکستان کی دوسری پوزیشن” ڈینجر زون“ سے باہر

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار17نومبر۔2016ء )پروٹیز کے ہاتھوں کینگروز کی درگت کا براہ راست فائدہ پاکستان نے اٹھالیا، ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن فی الحال ڈینجرزون سے باہر آگئی ۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو ابتدائی 2 ٹیسٹ میں شکست دیکر پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر چھائے خطرات کو وقتی طور پر ٹال دیا ۔

تازہ ترین صورتحال میں پروٹیز کو چوتھی پوزیشن پانے کیلئے آئندہ جمعرات سے ایڈیلیڈ میں شروع ہونیوالے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں کامیابی درکار ہے ، مہمان ٹیم کامیاب ہونے کی صورت میں پوائنٹس 96 سے 105تک لیجانے میں کامیاب ہوجائے گی جبکہ آسٹریلیا 108 سے 102 پوائنٹس پر جانے کے باعث 5ویں نمبر پر پہنچ جائیگا۔کینگروز آخری ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئے تو وہ تیسرے سے چوتھے نمبر پر پہنچیں گے مگر پانچویں پوزیشن کے حامل پروٹیز سے چند اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے آگے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

اگر پاکستان نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے دونوں میچ جیتا تو اسکے پوائنٹس 112 اورٹاپ پوزیشن پر براجمان بھارت سے فاصلہ صرف 3 پوائنٹس رہ جائیگا، سیریز میں1-0 کی کامیابی سے پوائنٹس 110 اور اتنے مارجن سے ناکامی پر 104 ہوجائیں گے ،گرین شرٹس اگر وائٹ واش کی خفت سے دوچار ہوئے اسکے102 پوائنٹس باقی رہیں گے ، سیریز ڈرا ہونے پر مصباح الیون کے پوائنٹس 107 رہ جائیں گے جو اسوقت 109 ہیں۔