متحدہ کی لندن قیادت کارکنان کو تشدد پر اکسا رہی ہے ،ْ فیصل سبزواری

جمعرات 17 نومبر 2016 13:43

متحدہ کی لندن قیادت کارکنان کو تشدد پر اکسا رہی ہے ،ْ فیصل سبزواری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ متحدہ کی لندن قیادت کارکنان کو تشدد پر اکسا رہی ہے تاکہ ہماری کوششوں کو ناکام بنایا جائے۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ لندن قیادت میئر کراچی وسیم اختر کے استقبال میں خلل پیدا کرنا چاہتی تھی تاکہ یہ ثابت کرسکے کہ اٴْن کے ساتھ کوئی بھی نہیں لیکن اس کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد نے ہماری ریلی میں شرکت کی۔

انھوں نے اسے ایک افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب وسیم اختر کی استقبالیہ ریلی یادگارِ شہدا کیلئے روانہ ہوئی تو ہمیں اطلاع مل گئی تھی کہ لندن قیادت کیا کرنے جارہی ہی فیصل سبزواری نے کہا کہ لندن قیادت نے پہلے کی طرح کل بھی ایک نعرہ لگایا اور جب ہماری طرف سے اس کا جواب نہیں دیا گیا تو انھوں نے کارکنان کو تشدد پر اکسانا شروع کردیا۔

(جاری ہے)

متحدہ پاکستان کے رہنما نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ دکھ اٴْس وقت ہوا جب صبح سے ایم کیو ایم لندن نے واٹس ایپ کے ذریعے کارکنان اور مقامی عہدیداروں کو ہدایات جاری کرنا شروع کیں کہ کوئی بھی وسیم اختر کا استقبال کرنے نہ جائے اور یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ مسلسل یہ کوششیں کی جارہی ہیں اور اٴْن کی خواہش ہے کہ لوگوں کہ دکھایا جائے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو کسی قسم کی حمایت حاصل نہیں ۔

فیصل سبزواری نے کہاکہ ہم یہاں عدم تشدد اور عدم تصادم کی سیاست کررہے ہیں اور ہم نے اب اس چیز کو ختم کرنا ہے جس نے اس تاثر کو جنم دیا تھا۔وسیم اختر کی ریلی میں ایک تصادم کی سی صورتحال کے بعد مزید کشیدگی کے خطرے کے حوالے سے سوال پر فیصل سبزواری نے کہا کہ بالکل اس کا خطرہ موجود ہے کیونکہ بدقسمتی سے یہاں اسلحہ بھی موجود ہے اور اس کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔

انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اب یہ دیکھیں گے کہ کون لوگوں کو نعروں اور تقاریوں سے تشدد کی راہ پر اکسا رہا ہے اور کون اس سب کے باوجود عدم تشدد کے راستے پر ہے اور اسے ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سنبھالنے یا مہاجروں کی ایک الگ جماعت بنانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ایسی خبروں میں حقیقت کم اور سنسنی زیادہ ہے ایم کیو ایم کی قیادت انہی کے پاس رہے گی جنہوں نے 30 سے 35 سال مشکلات کا سامنا کیا تھا پرویز مشرف ہوں یا کوئی اور لیکن ایم کیو ایم پاکستان کیلئے چلے گی۔

متحدہ پاکستان کے رہنما نے کہا کہ پرویز مشرف آج بھی لوگوں کے دلوں میں ہیں اور ہم ان کی عزت کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :