رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مالیاتی خسارے میں ایک مرتبہ پھر اضافہ، جولائی تا ستمبر کے دوران ملکی مالیاتی خسارے کا حجم 438 ارب روپے رہا

جمعرات 17 نومبر 2016 14:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مالیاتی خسارے میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ جولائی تا ستمبر کے دوران ملکی مالیاتی خسارے کا حجم 438 ارب روپے رہا۔تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مالیاتی خسارے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مالیاتی خسارے کا حجم مجموعی قومی آمدن کا 1.3 فیصد بنتا ہے۔

(جاری ہے)

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق مالیاتی خسارے میں اضافے کی یہ ہی شرح برقرار رہی تو رواں مالی سال مالیاتی خسارہ 5.2 فیصد ہوجائے گا۔یاد رہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کے لیے مالیاتی خسارے کا ہدف 3.8 فیصد مقرر کیا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کے ختم ہونے کے بعد مالی بے ضابطگیاں نظر آرہی ہیں۔جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا ستمبر کے دوران ٹیکس وصولیوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔