محتسب آزاد جموں وکشمیر ممتاز حسین نقوی کا دورہ کوٹلی‘ ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کیا

جمعرات 17 نومبر 2016 15:02

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء) محتسب آزاد جموں وکشمیر ممتاز حسین نقوی کا دورہ کوٹلی جاری ۔دورہ کے دوران ڈسٹرکٹ بار کوٹلی سے خطاب ، ادارہ محتسب کے قیام ، اغراض و مقاصد سے وکلاء کو آگاہ کیا ۔ وکلاء کی جانب سے ادارہ محتسب سے بھرپور تعاون کا اظہار ۔ تفصیلات کے مطابق محتسب ، آزاد جموں وکشمیر ممتاز حسین نقوی نے دورہ کوٹلی کے دوران وکلاء کی دعوت پر ڈسٹرکٹ بار کوٹلی سے خطاب کیا ۔

بار آمد پر وکلاء کی جانب سے محتسب آزاد کشمیر کا شاندار استقبال کیا گیا۔ محتسب آزاد کشمیر کے ہمراہ سیکرٹری محتسب سیکرٹریٹ ابصار حسین جرال ، سیکرٹری برائے محتسب راجہ رضوان علی اور کوآرڈینیٹر مرزا افتخار حسین جرال بھی تھے۔ محتسب آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ادارہ محتسب بلا معاوضہ آزاد کشمیر کی عوام کو انصاف فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ادارہ کے اغراض و مقاصد سے عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے لیئے آزاد کشمیر بھر کے دورے کیئے جاتے ہیں اور عوام کی دہلیز پر ان کی شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے ۔ ادارہ محتسب میں سادہ کاغذ پر درخواست اپنے شناختی کارڈ کے ہمراہ دی جا سکتی ہے اس وقت تک ہزاروں شکایات گزارو ں کو ادارہ کی وساطت سے انصاف فراہم اور ان کی شکایات کا ازالہ ہو چکا ہے۔

وکلاء کی جانب سے جسٹس (ر) سردار محمد اشرف ریٹائرڈ جج شریعت کورٹ ، مرزا محمد نثار سینئر ایڈووکیٹ سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ، خورشید قادری ایڈووکیٹ ، چوہدری محمد رفیق شاہین ایڈووکیٹ ، ظہیر بابر چغتائی ایڈووکیٹ ممبر بار کونسل و جنرل سیکرٹری بار کوٹلی ، چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ ، مشتاق منہاس ایڈووکیٹ ، سردار محمد ابراہیم خان ایڈووکیٹ ، خاور منہاس ایڈووکیٹ،چوہدری عبدالقیوم ایڈووکیٹ، ملک عنایت اللہ ایڈووکیٹ نے محتسب آزاد کشمیر ممتاز حسین نقوی اور دیگر آفیسرز کا کوٹلی بار میں پہنچنے پر استقبال کیا انہیں خوش آمدید کہا ۔

اپنے خطاب میں وکلاء نے لوگوں کو مفت اور کم وقت میں انصاف کی فراہمی پر محتسب آزاد کشمیر اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وکلاء نے یقین دلایا کہ وہ ادارہ محتسب سے اپنا بھرپور تعاون کریں گے اور ادارہ محتسب کے قیام اور اغراض و مقاصد بارے شعوری مہم سے لوگوں کو آگاہ کریں گے ۔ وکلاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے ادارے کو مزید فعال بنانے کے لیئے اس کو درپیش مسائل کا خاتمہ اور مؤثر اقدمات کیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دوروں سے جہاں لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف ملتا ہے وہاں ادارہ محتسب اس کے آفیسران کی عزت و وقار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔