کمشنرسرگودھا کی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

جمعرات 17 نومبر 2016 15:08

سرگودھا۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء)کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے تعمیراتی محکموں کے افسران کو ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرکے مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے علاوہ ممبران اسمبلی کی باہمی مشاورت سے نئی ترقیاتی سکیمیں بھی تیار کر کے ایک ہفتہ کے اندر کمشنر دفتر بھجوانے کی ہدایت کی ہے ۔

وہ ڈویژنل ڈویلپمنٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈی سی اوز کے علاوہ دیگر تعمیراتی محکموں کے ڈؤیژنل افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ ڈویژن بھر میں مختلف محکموںکی 1715 مختلف ترقیاتی سکیموں پر تین ارب 37 کروڑ 18 لاکھ روپے کی لاگت سے 43فیصد کام مکمل کیاجاچکاہے ۔ جس میں پرونشل اے ڈی پی 2016-17 کی 190 سکیموں کے علاوہ خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کی 54 ‘ ڈؤیژنل ڈویلپمنٹ پروگرام کی 39 ‘ سکول ایجوکیشن سیکٹر کی 1178 ‘ ڈی ایچ کیو /ٹی ایچ کیو کی بارہ پاک ایم ڈی جی ایس کی 199 اور ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کی 43 سکیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائی وے کی 75سکیموں پر ایک ارب 49 کروڑ روپے ‘محکمہ بلڈنگ کی 102 سکیموں پر 73کروڑ روپے اور پی ایچ ای کی 63سکیموں پر 27 کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ اسی طرح ہائی وے کی سرگودہا میں 13‘خوشاب کی چار ‘ میانوالی کی پانچ او ربھکر کی تین سکیموں پر مجموعی طورپر چودہ کروڑ ‘94 لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران اس امر کی طرف بھی نشاندہی کی گئی کہ خادم پنجاب رورل روڈ پروگرا م کے فیزون کے تحت سرگودہا ڈویژن میں 54مختلف سکیموں پر 64کروڑ روپے خرچ کر کے 44فیصد کام مکمل کیا جاچکاہے جبکہ فیز ٹو کے 16سکیموں پر پانچ کروڑ 90لاکھ روپے خرچ کر کے 42 فیصد کام بھی مکمل ہو چکاہے ۔